منہاج القرآن لاہور کا موبائل ہسپتال سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے روانہ، متاثرین کا مفت علاج ہو گا

مورخہ: 31 اگست 2022ء

سیلاب متاثرین موبائل ہاسپتال

تحریک منہاج القرآن، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور نے بارشوں اور سیلاب سے شدید متاثرہ علاقوں روجھان، فاضل پور، راجن پور، داجل یارو کھوسہ، ڈیرہ غازی خان، چوٹی اور تونسہ شریف میں ایک مکمل موبائل ہسپتال (موبائل میڈیکل وین) معہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، لیب اور ادویات روانہ کر دی ہے۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں موبائل ہسپتال کی روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے کہا ہے کہ تحریک منہاج القرآن کے کارکن متاثرین سیلاب کے امدادی مشن کو مزید تیز کریں، متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں، بحالی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے کارکنان اور ذمہ داران کو اس مشکل وقت میں ہم وطنوں کی مدد کرنے، متاثرین کو امداد پنچانے اور سیلابی ریلوں سے بچانے پر شاباش دی۔

علامہ رانا محمد ادریس نے اس موقع پر سیلاب متاثرین کیلئے دعا بھی کروائی۔

تحریک منہاج القرآن لاہور کے صدر رانا نفیس حسین قادری نے موبائل وین کی روانگی کے موقع پر کہاکہ تباہ کن سیلاب کے بعد بہت سے وبائی امراض پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ تحریک منہاج القرآن لاہور اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور نے اپنی ٹیمیں، تجربہ کار ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف، لیب ٹیکنیشنز اور ادویات متاثرہ علاقوں میں بھیج کر متاثرین سیلاب کی بنیادی ضرورت کو پورا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ علاقوں کے حالات کو دیکھتے ہوئے مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو ہر ممکن فوری طبی امداد دی جا سکے۔ سیلاب کے پانی اور سخت موسم سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں بھی تحریک منہاج القرآن کے میڈیکل کیمپ متاثرین کو ریلیف مہیا کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ میڈیکل کیمپوں میں ماہر اور بہترین ڈاکٹر بھجوائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور کے رضا کاروں کو یہ ہدایات بھی جاری کر دی گئیں ہیں کہ حالات کے مطابق متاثرین کو ان کی ضرورت کا عمومی سامان، اشیائے خورونوش، پانی، دودھ، کپڑے، چٹائیاں، کچن آئٹمز، واٹر کولر، برتن، مٹی کے تیل کو چولہے بھی بھجوائے جائیں۔

ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن لاہور کیپٹن (ر) عبد المجید نے رہنماؤں کو موبائل وین سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن لاہور کا موبائل ہسپتال سیلاب متاثرین کیلئے بہت بڑا ریلیف ہے، موبائل ہسپتال میں تمام امراض کی ادویات بھی مریضوں کو دی جائینگی۔ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا مقصد و ہدف محروم و پسماندہ علاقوں میں انسانیت کی خدمت ہے۔

اس موقع پر پروفیسر ذوالفقار علی، رانا عتیق الرحمان، قاری ریاست، محمد عامر، ریحان چوہدری و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

تبصرہ

Top