اللہ کے ولی کی ڈکشنری میں توڑنے کے الفاظ نہیں ہوتے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا حضرت داتا علی ہجویری کے عرس پر عالمی کانفرنس سے خطاب

عرس داتا صاحب 2022

منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کے ‏‎979‎ویں عُرس مبارک کے تیسرے روز منعقدہ سہ روزہ عالمی کانفرنس کی آخری نشست میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام نے اپنے اخلاق، خدمت خلق، تعلیمات اور عمل سے ‏خلائق کے دلوں کو جیتا، اللہ کے ولی لوگوں کو جوڑنے والے ہوتے ہیں، ان کی ڈکشنری میں کسی کا دل توڑنے کا لفظ نہیں ہوتا۔ وہ فرقہ پرستی، گروہ بندی اور ٹولیوں میں تقسیم ہونے اور کرنے سے کوسوں دور رہتے ہیں۔ ان کی تعلیمات پوری انسانیت کے لیے عام ہوتی ہیں اور ‏ان کا اَبرِ رحمت ہر خاص و عام اور اپنے پرائے پر یکساں برستا ہے۔

حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کی حیاتِ طیبہ اور تعلیمات سے بھی ہمیں طبیعت کی وسعت اور نفس کی سخاوت اور فراخی کا ‏درس ملتا ہے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا داتا دربار پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا، ملک کے طول و عرض سے آئے ہوئے زائرین نے چیئرمین سپریم کونسل کو خوش آمدید کہا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں، اس موقع پر ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈا پور، نائب صدر راجہ زاہد محمود، علامہ میر آصف اکبر، علامہ رانا محمد ادریس، جی ایم ملک، جواد حامد، نوراللہ صدیقی و دیگر قائدین ان کے ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے حضور داتا علی ہجویری کے مزار پر وفد کے ہمراہ حاضری دی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی۔

مرکزی مسجد داتا گنج بخش میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں شریک علماء کرام و مشائخ عظام دیوان احمد مسعود چشتی، علامہ علی عابد مشہدی، خواجہ فرید الدین فخری، خواجہ غلام معین الدین مہاروی، خواجہ نصر المحمود، سید محمد حبیب عرفانی، پیر شمیم صابر صابری، پیر خواجہ محمد معین الحق چشتی، پیر دیوان عظمت محمود، خواجہ محمد ضیاء الحق سیالوی نے سٹیج پر مہمان خصوصی اور عالمی کانفرنس کے مرکزی مقرر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کو خوش آمدید کہا۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ کے وصال کو ایک ہزار سال ہونے کو ہیں، مگر آج تک آپ کا فیضِ عام ہر کسی کو یکساں مل رہا ہے۔ خواجہ ‏معین الدین چشتی اجمیری نے آپ کو ’’فیضِ عالم‘‘ قرار دیا تھا۔ حضرت داتا گنج بخش علی ہجویری کی تعلیمات کے مطابق ولایت اور خدا ‏کی دوستی دل کی وسعت و فراخی اور سخاوتِ نفس کے بغیر نصیب نہیں ہو سکتی۔ آپ کی تعلیمات کی رُو سے تحمل و بردباری، برداشت، ‏عاجزی و انکساری، خندہ پیشانی، مسکراتا ہوا چہرہ ہی ولایت کے اَوصاف اور نشانیاں ہیں۔ کوئی شخص ان اَوصاف کے بغیر ولی اور صوفی ‏نہیں بن سکتا۔

عرس داتا صاحب 2022

عرس داتا صاحب 2022

عرس داتا صاحب 2022

عرس داتا صاحب 2022

عرس داتا صاحب 2022

تبصرہ

Top