اسلام دین امن و سلامتی ہے: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری

مورخہ: 15 مارچ 2023ء

تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست کا عالمی یوم انسداد اسلاموفوبیا پر بیان
اسلام کے آفاقی پیغام امن کو سمجھنے کیلئے میثاق مدینہ کی دستاویز کا مطالعہ ضروری ہے

Islam is a peaceful religion

لاہور (14 مارچ 2023) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے 15 مارچ ”یوم انسداد اسلاموفوبیا“ پر اپنے خصوصی بیان میں کہا ہے کہ اسلام دین امن و سلامتی ہے اس کے آفاقی پیغام کو سمجھنے کیلئے میثاق مدینہ کی دستاویز کا عمیق فکری مطالعہ ضروری ہے۔ میثاق مدینہ کے ذریعے کرہ ارض کی پہلی ریاست، ریاست مدینہ وجود میں آئی جو مختلف مذاہب کے افراد، مختلف الفکر قبائل پر مشتمل تھی، پیغمبر امن و سلامتی نے میثاق مدینہ کے ذریعے ہر مذہب اور ثقافت کو تحفظ دیا اور جان و مال کی سلامتی کی آئینی ضمانت مہیا کی اور امن بقائے باہمی کے اصول پر ایک عالمگیر سوسائٹی کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے کہاکہ اسلام ہی وہ ضابطہ حیات ہے جس میں ایک بے گناہ کے قتل کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیا گیا ہے اور قتل نا حق کو قابل گردن زدنی جرم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت کی تکریم و حفاظت اور باہمی رواداری کی تعلیمات پر مشتمل الوہی نظام حیات ہے، اسلام بین الاقوامیت کا حامی ہے۔ عدل و انصاف، جان ومال کا تحفظ، مساوات، عبادت گاہوں کا تحفظ، بین المذاہب رواداری، امن عامہ، اسلام کے اہم اخلاقی، سماجی و روحانی موضوعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر ناسمجھی یا تعصب کی بنا پر اسلام کی تعلیمات کی غلط تعبیرات کرتے اور غلط فہمیاں پھیلاتے ہیں اسلام کو عدم برداشت، تشدد اور انتہا پسندی سے کوئی واسط نہیں ہے اور اسلام فساد فی الارض کو ایک بڑا فتنہ قرار دیتا ہے انھوں نے کہا کہ انسداد اسلامو فوبیا پر اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم پر عالمی دن منانے کی سعی قابل تعریف ہے اس سے بین المذاہب و بین التہذیب مکالمہ کی راہ ہموار ہوگی۔

تبصرہ

Top