مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 29 ویں یوم تاسیس پر مرکزی سیکرٹریٹ میں تقریب

طلباء کے ہاتھ میں قلم دیکھنا چاہتا ہوں: شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری
مرکزی تقریب 8اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگی،ڈاکٹر حسن محی الدین خطاب کریں گے: شیخ فرحان عزیز

Foundation Day MSM

لاہور (6 اکتوبر 2023) بانی وسرپرست تحریک منہاج القرآن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے 29 ویں یوم تاسیس پر جملہ ذمہ داران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں طلبا کے ہاتھوں میں صرف قلم دیکھنا چاہتا ہوں۔ طلبا اپنے دل و دماغ کو علم کے نور سے روشن کریں۔ زمانہ طالب علمی کا ہر لمحہ حصول علم پر صرف کریں، پڑھا لکھا نوجوان ہی ملک کا محفوظ مستقبل ہے۔

انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ایم ایس ایم کے نوجوان تعمیری سرگرمیوں میں اپنی توانائیاں صرف کر رہے ہیں، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور و دیگر رہنماؤں نے بھی مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے جملہ ذمہ داران کو 29 ویں یوم تاسیس کی مبارکباد دی ہے۔

دریں اثنامصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کا 29 واں یوم تاسیس ملک بھر میں انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا۔ آزاد کشمیر گلگت بلتستان سمیت ملک کے چاروں صوبوں کے تمام اضلاع میں یوم تاسیس کے حوالے سے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

مرکزی صدر مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ شیخ فرحان عزیز نے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کی 29 سالہ جدوجہد فروغ عشق مصطفی،امن،محبت اور تعلیم کے فروغ کیلئے ہے۔ مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ نے طلبہ کی قرآن و سنت کی روشنی میں روحانی، اخلاقی،سیاسی و سماجی تربیت کی ہے تاکہ وہ معاشرے کا ایک کارآمد فرد بن سکیں۔ انہوں نے کہاکہ یوم تاسیس کے حوالے سے مرکزی تقریب 8 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگی، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری خطاب کریں گے۔ یوم تاسیس کی تقریب میں ضلع لاہور کے مختلف کالجز، یونیورسٹیز کے طلبا نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے محسن اقبال، اسامہ مشتاق،عزیز عالم، راشد مصطفوی، حسین نواز، حماد مصطفی و دیگر رہنما ؤں نے بھی خطاب کیا۔ یوم تاسیس کی تقریب کے اختتام پر کیک کاٹا گیا اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی گئی۔

Foundation Day MSM

تبصرہ

Top