دہریت آج کے دور کا بڑا فتنہ ہے: ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

مورخہ: 14 مارچ 2024ء

نوجوانوں کو دین سے برگشتہ کیا جارہا ہے، چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن
رواں سال شہرِ اعتکاف میں شیخ الاسلام کے خطابات کا موضوع کردار و ایمان کی حفاظت ہو گا

Dr Hassan Qadri meeting in Minhaj ul Quran

لاہور (14 مارچ 2024ء) منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے شہرِ اعتکاف کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ دہریت آج کے دور کا بڑا فتنہ ہے۔ نوجوانوں کو ایک سازش کے تحت اللہ اور دینِ حق سے برگشتہ کیا جارہا ہے۔ نوجوان اُمہ کا محفوظ مستقبل اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ علماء نوجوانوں کے کردار و عقائد کی حفاظت اور اصلاح اپنا دینی، ملی و قومی کردار اد کریں۔

انہوں نے بتایا کہ رواں سال شہر اعتکاف میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے خطابات کا موضوع نوجوانوں کے کردار و ایمان کی حفاظت اور انہیں اعتقادی انتشار سے بچانا ہو گا۔ انہوں نے تحریک منہاج القرآن کے جملہ رفقائے کار، وابستگان اور مختلف مکتب فکر کے افراد کو شہرِ اعتکاف کا حصہ بننے اور اہم موضوع پر خطابات سماعت کرنے کی دعوت دی۔

اس موقع پر نائب صدر بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، ناظم اعلیٰ خرم نواز گنڈاپور سمیت نائب ناظمین اعلیٰ، فورم کے صدور، ویمن لیگ کی ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے شہرہئ آفاق انگریزی ترجمہ قرآن The Manifest Quran کی اشاعت پر مبارکباد دی گئی اور اسے یورپ، برطانیہ، امریکہ کے نوجوانوں اور ہر مکتبہ فکر کے افراد کے لئے شیخ الاسلام کا گراں قدر تحفہ قرار دیا گیا۔

چیئرمین سپریم کونسل نے اجلاس میں شہرِ اعتکاف کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ملک کے طول و عرض سے آنے والے معتکفین کے احترام و اکرام کے لئے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں ہونا چاہیے۔ انہیں بہترین سہولتیں دینے کے لئے تمام اقدامات اور دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

چیئرمین سپریم کونسل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک اللہ کا مہمان مہینہ ہے۔ اس ماہِ مقدس میں انجام دی جانے والی عبادات، صدقہ و خیرات، اخوت و ایثار کا ثواب کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ اس ماہ مبارک میں اپنے غریب عزیز و اقارب، ہمسایوں، دوست، احباب کو نظر انداز نہ کریں، اُنہیں اپنے دستر خوان پر مہمان بنائیں اور اپنے وسائل کے مطابق داد رسی کریں، رمضان المبارک میں یہ عمل اللہ اور اس کے رسولؐ کو بے حد محبوب ہے۔

Dr Hassan Qadri meeting in Minhaj ul Quran

Dr Hassan Qadri meeting in Minhaj ul Quran

Dr Hassan Qadri meeting in Minhaj ul Quran

Dr Hassan Qadri meeting in Minhaj ul Quran

Dr Hassan Qadri meeting in Minhaj ul Quran

تبصرہ

Top