صلہ رحمی اللہ کی رحمت کو متوجہ کرتی ہے، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری

خونی رشتوں کیساتھ قطع رحمی سےاللہ کی رحمت اترنا بند ہو جاتی ہے: چیئرمین سپریم کونسل

لاہور (22اپریل 2025) چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس معاشرے میں صلہ رحمی ختم ہو جائے اور خونی رشتے داروں کیساتھ قطع رحمی کے معاملات بڑھنا شروع ہو جائیں وہاں اللہ کی رحمت اترنا بند ہو جاتی ہے، رزق کی کشادگی کم ہو جاتی ہے، عذاب الہی نازل ہونا شروع ہو جاتا ہے اور لوگ مصیبت و ابتلا میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ صلہ رحمی سے مراد خونی رشتے ہیں، قریبی رشتہ داروں کا بھی ایک حق ہے آسان زبان میں یوں سمجھیں کہ جن سے والدین کو محبت تھی، ان سے ساری زندگی محبت رکھنا، جن سے والدین بھلائی کرتے تھے، ان کے انتقال کے بعد بھی بھلائی کرتے رہنا دین ہے۔ چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ جب بھی قربانی کا جانور ذبح فرماتے، تو سیدہ خدیجۃ الکبریٰؓ کی سہیلیوں کو گوشت بھیجتے تھے۔ حضرت عائشہ صدیقہؓ نے دریافت کیا کہ یا رسول اللہؐ، اب بھی بھیجنے کی ضرورت ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا کہ مجھے خدیجہؓ کا وہ عمل یاد ہے، ان کی خدمت، جرات اور ساتھ یاد ہے، جب کوئی میرا سہارا نہ تھا، وہ میرا سہارا تھیں۔

ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضرت ابو ہریرہؓ روایت کرتے ہیں کہ اللہ رب العزت نے مخلوق کو پیدا فرمانے کے فوراً بعد رحم (خونی رشتے) کو پیدا فرمایا، اور ان سے فرمایا کہ کیا تمہیں خوشی نہیں کہ میں تمہارے لیے ایک قاعدہ بیان کرتا ہوں؟ رحم نے کہا، مولا کیا ہے؟ فرمایا جو تجھے جوڑے گا میں اسے جوڑوں گا، اور جو تجھے توڑے گا میں اسے توڑ دوں گا۔

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ صلہ رحمی کے دنیا و آخرت دونوں میں فوائد ہیں۔ اس کا تعلق عمر، رزق اور لوگوں کی محبت سے ہے۔ آپؐ نے فرمایا کہ جو چاہتا ہے کہ اس کے رزق میں کشادگی آئے، عمر میں برکت ہو، وہ صلہ رحمی کرے۔ انہوں نے واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص نے عرض کیا: یا رسول اللہ، میرے کچھ رشتہ دار ہیں، میں ان سے صلہ رحمی کرتا ہوں اور وہ قطع رحمی کرتے ہیں، میں بھلائی کرتا ہوں اور وہ برائی، میں بردباری سے پیش آتا ہوں اور وہ جہالت سے پیش آتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر ایسا ہی ہے جیسا تم کہہ رہے ہو تو جب تک تم یہ کرتے رہو گےان کے منہ میں دوزخ کی راکھ جاتی رہے گی، اور اللہ کی طرف سے ایک فرشتہ تمہاری مدد کرتا رہے گا۔

آخر میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے حضرت عبداللہ ابن عمرؓ کی روایت نقل کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص چاہتا ہے کہ اسے کشادگی، خیر، مال میں اضافہ اور خاندان کی محبت ملے، وہ دو چیزوں کو جوڑ دے: تقویٰ اور صلہ رحمی۔ یہی آج کے خطاب کا نسخہ ہے۔

تبصرہ

Top