قربانی ہر صاحب حیثیت پر فرض ہے: خرم نواز گنڈاپور

مورخہ: 06 جون 2025ء

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن قربانی کا گوشت مستحقین کے گھروں کی دہلیز تک پہنچاتی ہے
ایثار و محبت کے جذبہ سے قربانی کا فریضہ ادا کریں

لاہور (5 جون 2025) ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپورنے کہا ہے کہ قربانی ہر صاحب حیثیت پر فرض ہے،تاکہ اسلامی معاشرہ کے اندر برادرانہ اخوت اور معاشی نظم قائم رہے اقتصادی سرگرمیوں میں بہتری آئے اور غریب شہریوں کی خوراک کی ضرورت پوری ہو سکے، مہنگائی اور مستقبل میں غربت کے خوف سے فریضہ قربانی کی ادائیگی سے راہ فرار اختیار کرنے والے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کو ناراض نہ کریں، ایثار اور محبت کے جذبہ سے قربانی کا فریضہ ادا کریں، انھوں نے کہا کہ اللہ نے اگر کسی کو مالی آسودگی عطا کی ہے تو اس کے ساتھ اس کے ذمہ کچھ فرائض بھی لگائے ہیں، سب سے بڑا فرض یہ ہے کہ مخلوق خدا کی داد رسی اور ان کی حاجت روائی کی جائے۔

انھوں نے کہا کہ کوئی اپنی عقل، علم اور اہلیت سے زیادہ مال جمع کر سکتا ہے طاقت اور ذہانت کے اعتبار سے سب انسان برابر نہیں ہیں اور اس میں کچھ قباحت بھی نہیں مگر وہ لوگ جو کسی معذوری یا جائز وجہ کے باعث دنیاداری میں پیچھے رہ جاتے ہیں ان کی جائز ضرورت پوری کرنا صاحب حیثیت افراد پر واجب ہے اسی لیے اللہ رب العزت نے حکم دیا ہے کہ ''ضرورت سے زائد مال لوٹا دو'' تاکہ اسلامی معاشرہ ارتکاز دولت کی برائی سے محفوظ رہ سکے اور کوئی غریب شخص بھوکا نہ سوئے یا فاقوں کا شکار نہ ہو، قربانی اسلام کے اقتصادی، اخلاقی اور سماجی نظام اور مواخات اور انفاق سبیل اللہ کا نہایت عمدہ مظہر ہے۔

انھوں نے کہا منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن مبارک باد کی مستحق ہے جو اندرون و بیرون ملک میں مقیم شہریوں کو فریضہ قربانی کی ادائیگی کی سہولت مہیا کر رہی ہے، منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نا صرف قربانی کی سہولت مہیا کرتی ہے بلکہ قربانی کا گوشت مستحقین کے گھروں کی دہلیز تک پہنچاتی ہے اس مقصد کے لیے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے ہزاروں رضا کار عید الضحٰی کے ایام میں ملک بھر میں دینی و انسانی خدمت انجام دیتے ہیں۔

تبصرہ

Top