محرم الحرام کا مہینہ امن اور رواداری کادرس دیتا ہے: منہاج القرآن علماء کونسل

مورخہ: 25 جون 2025ء

کربلا کا پیغام ہے کہ ہمیشہ حق کےلئے اٹھو: مفتی غلام اصغر صدیقی
محرم کو ’’عظمتِ اہل بیت‘‘ کے طور پر منایا جائے:منہاج علماء کونسل کی اپیل
منہاج علماء کونسل یکم تا 10 محرم الحرام ’’پیغامِ امام حسینؑ و اتحاد امت‘‘ کانفرنسز منعقد کرے گی

لاہور(25 جون 2025) محرم الحرام کے مقدس مہینےکی آمد کے حوالے سے منہاج القرآن علماء کونسل کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں مرکزی صدر منہاج القرآن علما کونسل علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں علماء کونسل کے مرکزی، صوبائی وضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منہاج القرآن علماء کونسل ملک کے تمام شہروںمیں یکم تا 10 محرم ’’پیغام امام حسین علیہ السلام و اتحاد امت‘‘ کانفرنسز منعقد کرے گی۔ اجلاس میں منہاج القرآن علماء کونسل کی طرف سے اپیل کی گئی کہ محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام وحدت، یگانگت، یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کا جذبہ پیدا کرتے ہوئے اس محترم مہینے کو امن و سکون سے گزارنے کا پیغام دیں تاکہ نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے امن، یگانگت اور اخوت اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو زندہ کیا جاسکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مفتی غلام اصغر صدیقی نے کہاکہ کربلا کا پیغام ہے کہ ہمیشہ حق کےلئے اٹھو۔ محرم الحرام صرف اسلامی مہینے کا آغاز نہیں بلکہ صبر، قربانی، وفا، حق اور عدل کا درس دینے والا محترم مہینہ ہے۔ حضرت امام عالی مقام کی دین مصطفوی کےلئے عظیم قربانی پوری انسانیت کےلئے مشعل راہ ہے۔ ملکی یکجہتی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور باہمی رواداری کی آج پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ ہمیں چاہئے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کی تعلیمات پر عمل کرتےہوئے اپنے رویوں میں صبر، اخلاق اور رواداری کو فروغ دیں۔

مرکزی ناظم منہاج القرآن علما کونسل علامہ اشفاق علی چشتی نے تمام مکاتب فکر کے علما کرام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران ایسا خطبہ اور پیغام دیں جو محبت، بھائی چارے اور امن کا ذریعہ بنے۔ علامہ اشفاق چشتی نے کہا کہ اس محترم مہینے کو عظمت اہل بیت کے طور پر منائیں۔ خاندان رسول نے مقدس جانوں کا نذرانہ دے کر قرآنی احکامات کا تحفظ کیا، محرم الحرام عبادت، ایثار، تحمل اور برداشت کا مہینہ ہے۔ امن و امان برقرا رکھنے کیلئے سب کو متحد ہو کر کردار ادا کرنا ہو گا۔ محرم کا پیغام اتحاد بین المسلمین ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہل بیت کی قربانیاں پوری انسانیت کیلئے تھیں۔ محرم الحرام ہمیں شہدائے کربلا کی شہادتوں کے ساتھ ساتھ ان کے مشن اور جدوجہد کی طرف متوجہ کرتا ہے۔ ظلم کے سامنے ڈٹ جانا، ظالم اور جابر حکمران کے سامنے کلمہ حق کہنا درس کر بلا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا میں حسینی امن پسندی نے یزیدی دہشتگردی کوشکست د ی تھی۔ علمائے کرام علمی، عملی، تحریری اور تقریری طور پر اس مقدس مہینے میں اخوت، محبت اور رواداری کو فروغ دے کر دوسروں کی اصلاح کرنے کی کوشش کریں۔ بزرگان دین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اتحاد بین المسلمین کی بات کریں تاکہ امت مسلمہ انتشارسے محفوظ رہے اور پاکستان ترقی اور خوشحالی کی منازل طے کر سکے۔

اجلاس میں مفتی محمد رفیق رندھاوا، علامہ محمد خلیل حنفی، علامہ خلیل قادری، علامہ محمد عامر ندیم، علامہ عدنان فیصل چشتی، علامہ محمد یونس سعیدی، علامہ حکیم محمد جمیل و دیگر موجود تھے۔

تبصرہ

Top