سوشل انٹرپرینیورز کا آغوش آرفن کیئر ہوم کا خصوصی دورہ، آغوش کو سماجی خدمت کا شاندار ماڈل قرار دیا

مورخہ: 09 اگست 2025ء

Social Entrepreneurs visits Aghosh Orphan Care Home 2025

منہاج القرآن انٹرنیشنل کے ذیلی ادارے آغوش آرفن کیئر ہوم کا سوشل انٹرپرینیورز کے ایک وفد نے خصوصی دورہ کیا۔ ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور آغوش کے بچوں کو فراہم کی جانے والی رہائش، تعلیم و تربیت کی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وفد نے آغوش کمپلیکس کو بے سہارا بچوں کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے والا گھر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں بچوں کی مسکراہٹ منہاج القرآن کی سب سے بڑی کامیابی ہے، اور یہ محبت و خدمت کا وہ چراغ ہے جو سینکڑوں زندگیوں کو روشن کر رہا ہے۔ وفد نے آغوش کی خدمات کو معاشرتی خدمت کا شاندار ماڈل قرار دیا اور ادارہ منہاج القرآن کی جانب سے یتیم و بے سہارا بچوں کی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود میں مثالی کردار کو سراہا۔

اس موقع پر بانی و سی ای او ڈیلی ڈائٹ کنزہ ایمان نے بچوں کے لیے نیوٹریشن آگاہی سیشن منعقد کیا۔ متوازن غذا کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متوازن غذا اچھی صحت کی بنیاد ہے۔ نیوٹریشن کے اصولوں کو سمجھنا اور اپنی روزمرہ خوراک میں صحت مند اجزاء شامل کرنا ہر شخص کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبزیوں، پھلوں، پروٹین اور وٹامنز سے بھرپور خوراک نہ صرف قوتِ مدافعت کو بہتر بناتی ہے بلکہ توانائی اور تازگی بھی فراہم کرتی ہے۔ اگر غیر متوازن غذا سے گریز کیا جائے تو کئی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔ کنزہ ایمان نے کہا کہ پانی کا زیادہ استعمال، وقت پر کھانا اور اعتدال میں رہ کر خوراک لینا طویل مدتی صحت کے لیے بہترین عادات ہیں، اور یہ معمولات ہر گھرانے میں اپنانے چاہئیں۔ انہوں نے آغوش کے بچوں کو فروٹ باکسز کا تحفہ بھی دیا۔

ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل (ر) مبشر اقبال نے کہا کہ صحت مند معاشرہ ایک مضبوط اور خوشحال ملک کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پر لازم ہے کہ صحت کے معاملے میں سنجیدگی اختیار کریں اور اپنے طرزِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے مثبت عادات اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے تیز رفتار دور میں جسمانی اور ذہنی صحت کو یکساں اہمیت دینا ضروری ہے۔ اچھی صحت نہ صرف بیماریوں سے بچاتی ہے بلکہ انسان کی کارکردگی اور صلاحیت کو بھی بڑھاتی ہے۔ کرنل (ر) مبشر اقبال نے کہا کہ نوجوان نسل کو کھیلوں اور جسمانی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا وقت کی ضرورت ہے، کیونکہ ایک صحت مند جسم ہی ایک صحت مند دماغ کو جنم دیتا ہے۔

<

Social Entrepreneurs visits Aghosh Orphan Care Home 2025

Social Entrepreneurs visits Aghosh Orphan Care Home 2025

Social Entrepreneurs visits Aghosh Orphan Care Home 2025

Social Entrepreneurs visits Aghosh Orphan Care Home 2025

تبصرہ

Top