منہاج القرآن سیکرٹریٹ ماہ ربیع الاول کی آمد پر جگمگا اٹھا
گوشہ درود، جامع شیخ الاسلام، نظام المدارس، کالج آف شریعہ کی عمارات پر چراغاں
ماہ میلاد کائنات کے لئے رحمت اور نور کی نوید ہے: خرم نواز گنڈاپور
ماہ ربیع الاول کی آمد کے پر مسرت موقع پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجا دیا گیا ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ، مینارۃ السلام گوشہ درود، جامع شیخ الاسلام، القادریہ ہاؤس، نظام المدارس ،کالج آف شریعہ اور ملحقہ عمارات کو برقی قمقموں سے آراستہ کر کے نہایت خوبصورت چراغاں کیا گیا ہے جس سے پورا ماحول جگمگا اٹھا ہے۔
مرکزی سیکرٹریٹ کے ساتھ ملحقہ گلیوں میں بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ماہ ربیع الاول کی آمد پر تحریک منہاج القرآن کے مرکز پر خصوصی طور پر ہر سال نہایت خوبصورت چراغاں کیا جاتا ہے۔ اس سال بھی مرکزی سیکرٹریٹ کی بلڈنگ، چار دیواری، گوشہ درود کی بلڈنگ مینارۃ السلام اور جامع مسجد منہاج القرآن کے درودیوار کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ پر یکم ربیع الاول سے 11 ربیع الاول تک روزانہ نماز عشاء کے بعد ضیافت میلاد کی خصوصی محافل کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن نے کہا ہے کہ ماہ ربیع الاول سرور کائنات حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کا مہینہ ہے،جو کائنات کےلئے رحمت اور نور کی نوید ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ماہ ربیع الاول کی خصوصی محافل، علاقائی سطح پر میلاد جلوس کے انعقاد کے علاوہ 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب مینار پاکستان لاہور میں عالمی میلاد کانفرنس کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔
تبصرہ