خرم نواز گنڈا پور کا ایوانِ اقبال لاہور میں شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی کتب کی تقریبِ رونمائی سے خطاب
نظام المدارس پاکستان اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِاہتمام شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ کی اصولِ تفسیر، تفسیرِ قرآن، حدیثِ نبوی ﷺ اور سیرتِ طیبہ ﷺ کے موضوعات پر تصنیف شدہ پانچ نئی کتب کی پروقار تقریبِ رونمائی کا انعقاد، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظمِ اعلیٰ منہاج القرآن انٹرنیشنل خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ آج کی یہ علمی تقریب دراصل اس سلسلے کی ایک کڑی ہے جو چار دہائیاں قبل اُس وقت شروع ہوا جب شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دین کی خدمت کے مشن کا آغاز کیا۔ آج الحمدللہ، انہی کی بدولت منہاج القرآن انٹرنیشنل عالمی سطح پر دینِ اسلام کی خدمت کر رہی ہے اور ہر براعظم میں علم و شعور کا چراغ روشن کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ کی خصوصیت یہ ہے کہ انہوں نے عصرِ حاضر کے تقریباً ہر موضوع پر قلم اٹھایا اور امت مسلمہ کو علمی و فکری رہنمائی فراہم کی۔ آج کے پُرآشوب حالات میں مسلمانوں کے مابین اتحاد و یکجہتی وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے اور شیخ الاسلام کی یہ علمی کاوشیں اسی مقصد کو تقویت بخشتی ہیں۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دامت برکاتہم العالیہ دنیا بھر میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ کا پیغام عام کر رہے ہیں اور نوجوان نسل کے دلوں کو سیرتِ رسول ﷺ کے نور سے منور کر رہے ہیں۔
خرم نواز گنڈا پور نے مزید کہا کہ یہ شیخ الاسلام دامت برکاتہم العالیہ ہی کی علمی کاوشوں کا ثمر ہے کہ صرف ایک سال کے قلیل عرصے میں نظام المدارس پاکستان کا مکمل نصاب تیار کیا گیا، جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک عظیم علمی سرمایہ ہے۔ آخر میں انہوں نے تقریب میں شریک تمام معزز مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا اور بالخصوص عرب دنیا سے تشریف لانے والے جلیل القدر شیوخ کی آمد کو اس تقریب کی شان اور وقار میں اضافہ قرار دیا۔
تبصرہ