علم قربانی اور ادب کے بغیر حاصل نہیں ہوتا: پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری
کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (ٹاؤن شپ کیمپس) کے زیرِاہتمام تقریبِ تقسیمِ انعامات میں خطاب، طلبہ کو علم و ادب کی میراث اپنانے کی تلقین
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ علم ذات کی نفی کرنے اور سب کچھ قربان کر دینے کے جذبہ سے حاصل ہوتا ہے، علم لاوارث نہیں، حلم، صبر، شکر، تقویٰ و قناعت، خوش اخلاقی علم کا خاندان ہے۔ جو علم میں ڈوبتا ہے علم اسے اپنا دوست بنا لیتا ہے، ادب کے بغیر علم بے کار ہے جنھوں نے ادب سیکھ لیا وہ مردان حق بن گئے، علم کا ادب یہ ہے کہ جن اساتذہ سے پڑھتے ہیں ان کا ادب کریں، کتاب کا ادب کریں، سکول کی چاردیواری کا ادب کریں۔
ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ ایسا علم سیکھیں جیسا کہ علم کا حق ہے۔ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے زیرِ سایہ علم کے چراغ جل رہے ہیں، ان چراغوں کی روشنی کو تھامے رکھیں۔ فرمانِ مصطفیٰ ﷺ ہے کہ علم آرام طلبی میں حاصل نہیں ہوتا بلکہ قربانی، محنت اور مشقت درکار ہوتی ہے۔ اچھے علم کے لیے بہتر ماحول، رہنمائی اور سہولیات ضروری ہیں، اور یہ سب آپ کو شیخ الاسلام نے فراہم کر دیا ہے۔ یہی طالب علم کی سب سے بڑی سعادت ہے کہ وہ اس میراث کے وارث بنے۔
تقریب میں ڈائریکٹر کالجز ونگ کمانڈر (ر) عبدالغفار، نائب ناظم اعلیٰ میڈیا افیئرز نور اللہ صدیقی، ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان ڈاکٹر میر آصف اکبر، ڈائریکٹر ایم ای ایس شعیب طاہر، ڈائریکٹر آپریشنز MWF انجینئر ثناءاللہ خان، سید امجد علی شاہ، کرنل (ر) خالد جاوید، قاضی فیض الاسلام، شفقت ندیم، ڈاکٹر کاشر رفیق، انجینئر محمد سلیم، شبیر ملک، سید افتحار احمد، پروفیسر ڈاکٹر رانا محمد اکرم، نور العین سمیت کالج آف شریعہ اینڈ اسلامک سائنسز (ٹاؤن شپ کیمپس) کے فیکلٹی و سٹاف ممبران اور طلباء نے شرکت کی۔
تقریب تقسیم انعامات
تبصرہ