شہر اعتکاف 2007ء : دوسرا دن (جھلکیاں)

(ایم ایس پاکستانی)

1۔ نماز فجر کے بعد معلمین کا تربیتی حلقہ مسجد میں منعقد ہوا جس میں ناظم دعوت رانا محمد ادریس نے بریفنگ دی۔

2۔ امسال تربیتی حلقہ جات کے لئے معلمین کی تعداد کم پڑ گئی جس کے بعد منہاجینز کے علاوہ مختلف دینی فکر رکھنے والے سکالرز کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔

3۔ شہر اعتکاف کے پہلے روز آج تربیتی حلقہ جات کا آغاز صبح 11 بجے ہوا جو ساڑھے 12 بجے تک جاری رہا۔

4۔ نماز ظہر کے بعد ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے معتکفین سے "تحریک اور قائد تحریک سے کارکن کا تعلق" کے موضوع پر لیکچر دیا۔

5۔ نماز عصر کے بعد مفتی عبدالقیوم خان ہزاروی کی فقہی نشست ہوئی۔

6۔ مفتی صاحب کی نشست کے دوران حاضرین، معتکفین کی کثیر تعداد نے سوالات تحریراً ان کو بھیجے تاہم وقت کی کمی کے باعث تمام سوالات کے جوابات نہ دیئے جا سکے۔

7۔ نماز ظہر سے پہلے تک شہر اعتکاف میں ادھورے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے۔

8۔ مسجد کی جنوبی سمت لان میں بھی صفیں بچھا دی گئیں۔ یہ پہلا موقع تھا کہ اس جگہ پر بھی صفیں بچھائی گئیں۔

9۔ گراؤنڈ میں شہر اعتکاف کی بستی میں الگ سے صفائی کا عملہ تعینات کیا گیا ہے جو گاہے بگاہے مقررہ جگہ کی صفائی کرتا ہے۔

10۔ گراؤنڈ میں معتکفین کے وضو کے لئے دربار غوثیہ اور گراؤنڈ کی متصلہ دیوار کے ساتھ انتظام کیا گیا جہاں سینکڑوں ٹوٹیاں لگائی گئیں۔ یہاں معتکفین کی طہارت کے لئے الگ سے سینکڑوں واش رومز بھی موجود ہیں۔

11۔ امسال پینے کی ٹھنڈے پانی کے لئے برف کی ہری تقسیم کا نظام بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس کے لئے شہر اعتکاف میں الگ الگ برف کے بڑے بڑے سٹال لگائے گئے جہاں پر بڑے بڑے ٹرکوں کے ذریعے برف کے بلاکس پہنچائے جاتے ہیں۔

12۔ شہر اعتکاف کے حلقہ جات میں شیخ الاسلام کے خطاب کے دوران کسی معتکف کو قیام کی اجازت نہیں اس پر کامیابی سے عمل درآمد جاری ہے۔

13۔ شہر اعتکاف میں ابتدائی طبی امداد اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مرکزی گیٹ کے باہر جدید ایمبولینس سروس موجود ہے اس کے علاوہ گراؤنڈ کے معتکفین کے لئے الگ سے 2 ایمبولینس کھڑی ہیں۔

14۔ حفاظتی انتظامات میں فائر بریگیڈ کی گاڑی مرکزی گیٹ کے پاس ہر وقت موجود ہے۔

15۔ دربار غوثیہ سیدنا طاہر علاؤالدین قادری الگیلانی کے مزار مبارک پر اکثر اوقات میں معمول سے رش بڑھ گیا جس کے بعد دربار کی انتظامیہ نے یہاں خصوصی سیکیورٹی انتظامات کئے ہیں۔

16۔ امسال معتکفین کی کثیر تعداد کی وجہ سے حلقہ جات میں 40 کی جگہ ساٹھ، 60 معتکف بھی قیام پذیر ہیں۔

17۔ نماز مغرب کے بعد ایک بار پھر معتکفین کی کثیر تعداد شیخ الاسلام کا خطاب سننے کے لئے 2 گھنٹے قبل اپنی نشستیں سنبھال چکی تھیں۔

18۔ منہاج پروڈکشنز نے دوسرے سیشن کے خطاب کے لئے خوبصورت دیو قامت بیک ڈراپ بینر آویزاں کیا، یہ ایک لوہے کے بڑے سٹینڈ پر لگایا گیا تھا۔ اس کا رنگ جامنی اور گرے تھا، اس میں 5 محراب نما جالیاں بنائی گئی تھیں۔

19۔ شیخ الاسلام کے خطاب کی کوریج کے لئے منہاج پروڈکشنز نے ایک کیمرہ ہولڈرز کرین کا ابھی انتظام کیا جس کو آج جنوبی سمت لگا دیا گیا۔

20۔ شیخ الاسلام کے خطاب سے قبل محمد افضل نوشاہی نے نعت مبارکہ "اے چارہ گر شوق" پڑھی تو ماحول آہوں اور سسکیوں سے پر ہو گیا۔

21۔ شیخ الاسلام کا خطاب 11:10 پر شروع ہوا اور 1:55 پر ختم ہوا۔ پہلے دن آپ نے امام عبدالرحمٰن سہلمی کی کتاب "طبقات الصوفیاء" سے درس تصوف دیا۔

22۔ خطاب میں خصوصی شرکت کے لئے منہاج علماء کونسل کا وفد بھی موجود تھا۔ ایران کے ٹی وی نے خطاب کی خصوصی کوریج کی۔

23۔ شیخ الاسلام کے خطاب کے دوران یہ اطلاع آئی کہ رجانہ سے تعلق رکھنے والے معتکف اور تحریک کے پرانے رفیق نوشیر خان کو دل کا دورہ پڑا جنہیں پنجاب کارڈیالوجی ایمرجنسی میں منتقل کیا گیا تاہم وہ ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔

24۔ شیخ الاسلام کے خطاب کے بعد رات 2 بجے سے سحری تک معتکفین نے انفرادی معمولات مکمل کئے۔ اس دوران معتکفین کی کثیر تعداد نماز تہجد کی ادائیگی کے علاوہ تلاوت قرآن مجید میں مصروف تھی۔

25۔ شیخ الاسلام نے اپنے خطاب سے قبل ماہانہ مجلس ختم الصلوٰۃ علی النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سلسلے میں بتایا کہ ماہ ستمبر میں گوشہ درود میں پڑھے جانے والے درود پاک کی تعداد 29 کروڑ 35 لاکھ 96 ہزار 354 ہے جبکہ مجموعی تعداد 2 ارب 28 کروڑ سے بھی بڑھ گئی۔

تبصرہ

Top