ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کا دورہ سندھ

اندرون سندھ مشائخ عظام سے ملاقات

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے اپنے دورہ اندرون سندھ میں متعدد مشائخ اور پیران عظام سے ملاقاتیں کیں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا پیغام پہنچایا۔ اس سلسلہ میں 21 نومبر 2008ء بروز جمعۃ المبارک سکرن ضلع نواب شاہ میں درگاہ پیر ذکری میں پیر سید منظور احمد ذکری مدظلہ العالی سے پہلی ملاقات کی۔ اس ملاقات کا اہتمام جناب پیر مخدوم ندیم ہاشمی نے کیا تھا۔ وفد میں جناب ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کے ھمراہ مرکزی ناظم تنظیمات سردار منصور خان قادری، پیر مخدوم ندیم ہاشمی (گھمبنٹ شریف)، مرکزی سینئر نائب ناظم تربیت غلام مرتضیٰ علوی، مرکزی نائب ناظم تنظیمات حفیظ اللہ بلوچ، ناظم تحریک اندرون سندھ محمد ندیم نقشبندی، ریاض محمود نقشبندی، صدر تحریک منہاج القرآن نواب شاہ ڈاکٹر کاشف محمود، پروفیسر آستانہ عالیہ رانی پور شریف اور نواب شاہ کے دیگر تحریکی احباب شامل تھے۔ پیر سید منیر احمد ذکری صاحب مدظلہ العالی نے اپنے مخصوص روائتی انداز میں وفد کو خوش آمدید کہا۔

ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن پر صوفیاء کرام کی خصوصی نوازشات ہیں اور یہی تحریک دنیا بھر میں تصوف کی تعلیمات کو فروغ دینے میں مصروف عمل ہے۔ تحریک کا ہر کارکن ان صوفیاء کا خادم ہے۔ ناظم اعلیٰ نے پیر صاحب کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا ترجمہ عرفان القرآن اور حدیث کی کتاب المنہاج السوّی پیش کی اور پیر صاحب کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ کا وزٹ کرنے کی دعوت بھی دی۔ پیر صاحب نے کمال شفقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرمایا کی منہاج القرآن ہمارا گھر ہے۔ تبلیغ دین کا فریضہ ہمارا ہے۔ ہم تحریک منہاج القرآن کی عظیم اور عالمگیر خدمات کا اعتراف کرتے ہیں اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منہاج القرآن کے لئے دعا گو ہیں۔ پیر صاحب نے مہمانوں کی تواضع کی۔ وفدنے پیر سید منیر احمد ذکری کے آباؤاجداد کے مزارات پر حاضری دی۔

ڈاکٹر محمدکاشف کے گھر پر عشائیہ

مورخہ 21 نومبر بروز جمعۃ المبارک کو صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد کاشف نے ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن کی قیادت میں آنے والے وفد کو عشائیہ دیا۔ اس موقع پر پیپلز میڈیکل کالج PMC کے سینئر ڈاکٹرز صاحبان سے بھی ملاقات کا اہتمام کیا تھا۔ عشائیہ میں ناظم اعلیٰ کے ہمراہ سردار منصور خان قادری مرکزی ناظم تنظیمات، غلام مرتضیٰ علوی مرکزی سینئر نائب ناظم تربیت، حفیظ اللہ بلوچ، محمد ندیم نقشبندی، ریاض احمدنقشبندی شریک تھے جبکہ پیپلز میڈیکل کالج کے پروفیسر جناب شمس الدین شیخ ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ میڈیسنز PMC نواب شاہ، ڈاکٹر سلیم فیض اسسٹنٹ پروفیسر PMC، ڈاکٹر آصف رضا مروتی اسسٹنٹ پروفیسر PMC نواب شاہ نے اس عشائیہ میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر کاشف کے والد گرامی بھی موجود تھے۔ دیر تک مہمانوں کے درمیان غیر رسمی طور پر گفتگو کا تبادلہ ہوتا رہا، تحریک منہاج القرآن کی دنیا بھر میں خدمات اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی علمی و تعلیمی خدمات اور خصوصاً تصوف کے احیاء کے سلسلہ میں علمی و عملی خدمات کا ذکر ہوا۔ عشائیہ میں شریک PMC کے ڈاکٹرز نے خصوصاً QTV پر شیخ الاسلام کے خطابات کی تعریف کی اور اسے دین کی عظیم خدمت قرار دیا۔

تبصرہ

Top