پیر سید نصیرالدین نصیر شاہ کی رحلت پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین کی تعزیت

(ایم ایس پاکستانی)

برصغیر پاک و ہند کی معروف علمی و ادبی اور روحانی ہستی حضرت پیر سید نصیرالدین نصیر شاہ کی رحلت پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین نے گولڑہ شریف اسلام آباد جا کر تعزیت کی۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی کی قیادت میں وفد مورخہ 20 فروری 2009ء کو پیر سید نصیرالدین شاہ رحمۃ اللہ علیہ کی رہائش گاہ گولڑہ شریف گیا۔ وفد میں سردار منصور خان، امیر پنجاب علامہ احمد نواز انجم اور دیگر مرکزی قائدین بھی شامل تھے۔ وفد نے گولڑہ شریف میں پیر سید نصیر الدین شاہ کے بھائی حسام الدین اور ان کے صاحبزادے غلام نظام الدین سے ملاقات کی۔ پیر صاحب کی وفات پر ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی اور دیگر مرکزی قائدین نے اہلخانہ سے باری باری تعزیت کی جبکہ اجتماعی طور پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

اس موقع پر ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے پیر صاحب کے بھائی حسام الدین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پیر نصیرالدین شاہ صاحب عالم اسلام کا علمی و ادبی سرمایہ اور روحانی فیض کے امین تھے۔ انہوں نے کہا کہ پیر صاحب کی رحلت سے عالم اسلام ایک جید و باعمل عالم دین اور صالح مرد قلندر سے محروم ہو گیا ہے۔ ان کی وفات تحریک منہاج القرآن اور دنیا بھر میں اس کے وابستگان و رفقاء کے لیے گہرا صدمہ ہے۔ ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا وہ پیر صاحب کی رحلت پر لواحقین کے غم میں برابر شریک ہیں۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی طرف سے خصوصی تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔

ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے بتایا کہ رحلت سے ایک رات قبل پیر صاحب کا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، جس میں انہوں نے ایک علمی مسئلہ پر باہمی تبادلہ خیال کیا تھا۔ اس ٹیلی فونک رابطے میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پیر صاحب کو تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام آل پاکستان مشائخ کانفرنس میں بھی خصوصی شرکت کی دعوت بھی دی، جسے پیر صاحب نے قبول کیا تھا۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ پیر صاحب نے شیخ الاسلام کی خصوصی دعوت پر مشائخ کانفرنس سے ایک روز قبل یعنی 2 مارچ کو لاہور تشریف لانا تھا لیکن قدرت کو یہ منظور نہ تھا۔ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری پیر صاحب سے بے حد محبت کرتے ہیں اور انہوں نے پیر صاحب کی رحلت کو عالم اسلام کا نقصان قرار دیا ہے۔

دریں اثناء تحریک منہاج القرآن کے مرکزی قائدین کے وفد نے گولڑہ شریف پیر نصیر الدین شاہ نصیر رحمۃ اللہ علیہ کے مزار پر بھی حاضری دی۔ اس موقع پر تمام مرکزی قائدین نے مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ پیر سید نصیرالدین شاہ صاحب کو ان کے والد گرامی پیر مہر علی شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے پہلو میں ارزدہ خاک کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ حضرت صاحبزادہ پیر سید نصیر الدین شاہ نصیر گولڑوی رحمۃ اللہ علیہ کا 13 فروری 2009ء بروز جمعۃ المبارک کو حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال ہو گیا تھا۔ پیر صاحب تحریک منہاج القرآن کے مرکزی پروگرامز میں بطور مہمان خصوصی متعدد بار شرکت کرچکے ہیں اور آپ تحریکی سرگرمیوں سے باخبر بھی رہتے تھے۔ مورخہ 28 جون 2008ء کو جب پیر صاحب نے صاحبزادہ حسین محی الدین قادری کی دعوت ولیمہ میں شرکت کی اور دولہے کے لیے خود اپنا لکھا سہرا بھی پیش کیا۔ تحریک منہاج القرآن کے کسی بھی پروگرام میں یہ پیر صاحب کی آخری شرکت تھی۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق پیر صاحب نے تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 3 مارچ کو ہونے والی آل پاکستان علماء و مشائخ کانفرنس میں بھی خصوصی شرکت کرنا تھی۔

تبصرہ

Top