پریس کانفرنس: تحریک منہاج القرآن کے تحت قومی امن کانفرنس 9 اپریل کو ہوگی۔

تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلیٰ ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران ملک میں جاری دہشت گردی کی بدترین لہر جس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے تک محفوظ نہیں رہے، کی روک تھام کے لیے 9 اپریل بروز جمعرات "قومی امن کانفرنس" منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض اور پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل انوار اختر ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی دوطرفہ دہشت گردی کا سامنا ہے اندرونی طور پر خودکش حملوں سے بڑھ کر اب سرکاری اور نیم سرکاری مقامات پر قبضہ کرکے نوبت سینکڑوں افراد کو یرغمال بنا کر قتل عام تک پہنچ چکی ہے۔ امن و عامہ کی صورتحال بدترین ہے، چوریاں، ڈکیتیاں اور بے گناہ معصوم افراد کا قتل معمول کی بات بن چکی ہے، بے روز گاری اور مہنگائی کی وجہ سے بڑھنے والی خود کشیاں بھی معاشرے کے داخلی امن کو تباہ کر رہی ہیں۔ ڈرون حملے اور پاکستانی حدود کی مسلسل خلاف ورزیاں اور پاکستان میں دہشت گردوں کی بعض بیرونی طاقتوں کی طرف سے خفیہ سرپرستی اور پشت پناہی اور رسد کی فراہمی بیرونی دہشت گردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی اور مغربی اداروں اور شخصیات کی طرف سے پاکستان کو دہشت گردی کا محور و مرکز اور دہشت گردوں کے لیے محفوظ جنت قرار دینے کے مسلسل بیانات ایک بھیانک سازش کو بے نقاب کر رہے ہیں، پاکستان میں صوبائی عصبیت اور لسانی اور مذہبی تعصبات کو ہوا دے کر خانہ جنگی کے آخری دھانے تک پہنچانا اور اس کی عسکری اور ایٹمی طاقت کا عراق طرز پر خاتمہ اصل ہدف ہے۔ لہٰذا اس تباہ کن اور تشویش ناک صورتحال کا تقاضا ہے کہ تمام محب وطن عناصر اور جماعتیں مل بیٹھ کر پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے اور قیام امن کے لیے ایک قومی لائحہ عمل پر متفق ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت، استحکام، قومی بقاء اور وجود ریاست کے تحفظ کے لیے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خصوصی ہدایات پر تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام قومی امن کانفرنس منعقد کی جارہی ہے۔ کانفرنس میں ملک کی جملہ سیاسی، مذہبی جماعتوں کے قائدین، وکلاء، تاجر اور طلبہ تنظیموں کے رہنما اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی مؤثر شخصیات اور دانشور شرکت کریں گے اور دہشت گردی کے تدارک کے لیے قومی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن نے کہا کہ دہشت گردی کے باعث ملک کا ہر فرد پریشان ہے اور یہ اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن گیا ہے جس کے باعث ملک معاشی عدم استحکام کا شکار ہو رہا ہے۔ ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کا سلسلہ رک گیا ہے اس لیے ضرورت اس امر کی ہے کہ انفرادی اور اجتماعی سطح پر دہشت گردی کے عذاب سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے کردار ادا کیا جائے۔

تبصرہ

Top