منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کا امداد کارواں منزل بہ منزل

مورخہ: 23 مئی 2009ء
منہاج ویلفیئر فاونڈیشن نے درجنوں ٹرکوں پر مشتمل امدادی کارواں کا سامان متاثرین سوات و مالاکنڈ تک پہنچا دیا ہے۔ 25 ٹرکوں پر مشتمل امدادی کارواں 23 مئی 2009ء کو تحریک منہاج القرآن کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور سے صبح 10 بجے قائمقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض کی قیادت میں روانہ ہوا۔ ناظم منہاج ویلفیئر فاونڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود، ناظم پنجاب احمد نواز انجم، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، محمد عاقل ملک، بلال مصطفوی، شفیق الرحمن سعد، محمد امجد جٹ، میاں طاہر یعقوب، ساجد ندیم گوندل، ظہیر عباس گجر، قاضی محمود اسلام اور ساجد محمود بھٹی بھی کارواں کے ساتھ موجود تھے۔ مرکزی سیکرٹریٹ کے سٹاف اور قائدین نے کارواں کو دعاؤں کے ساتھ رخصت کیا۔ اس موقع پر امیر تحریک مسکین فیض الرحمن خان درانی نے خصوصی دعا کرائی۔

امدادی سامان میں سلے کپڑے، پنکھے، واٹر کولرز، روم کولرز، خیمے، بالٹیاں، برتن، اہم گھریلو کراکری، ہاتھ والے پنکھے، پلاسٹک شیٹس، بچوں کے لیے نصابی کتابیں، کاپیاں، بسکٹ، ٹافیاں، کھلونے، کھانے پینے کی اشیاء میں گھی، چاول، آٹا، چینی، دالیں اور مختلف ضروری دوائیاں بھی شامل تھیں۔

اس قافلے کی تمام کوآرڈینیشن ساجد محمود بھٹی اور بلال مصطفوی کے ذمہ تھی۔ مرکزی قائدین کے لیے مرکز سے روانہ ہونے والے قافلے میں امدادی ٹرکوں کے علاوہ 2 ویگنیں ، 2 کاریں اور 1 جیپ بھی شامل تھی۔ اس کے ساتھ منہاج یوتھ لیگ نے امدادی کارواں کے لیے ایک خصوصی فلوٹ بھی تیار کیا جو کارواں کے ساتھ تھا۔

قافلہ مرکزی سیکریٹریٹ تحریک منہاج القرآن سے روانہ ہوکر مال روڈ ریگل چوک پہنچا وہاں پر شرکاء کے استقبال کے لیے استقبالیہ کیمپ لگایا گیا تھا۔ لاہور بھر سے کارکنان اور منہاج القرآن ویمن لیگ کی سسٹرز بہت بڑی تعداد بھی وہاں موجود تھی۔ یہاں شرکاء اور عوام نے امدادی کارواں کا پرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر تحریک خاکسار کے سربراہ حمید الدین المشرقی، اور پاکستان تحریک انصاف کے قائدین کارواں کو الوداع کرنے کے لیے موجود تھے۔ دریں اثناء منہاج القرآن ویلفیئر فاؤنڈیشن کی خصوصی دعوت پر گورنر پنجاب سلمان تاثیر کارواں کو روانہ کے لیے خصوصی طور پر ریگل چوک پہنچے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی امدادی سرگرمیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی اس قوم کے لیے غیر معمولی خدمات ہیں۔ ان جیسے لوگ ملک و قوم کا سرمایہ ہیں۔ گورنر پنجاب اور دیگر سیاسی قائدین کے ساتھ عوام کی بڑی تعداد نے مال روڈ سے کارواں کو اگلی منزل کے لیے روانہ کیا۔

لاہور کے بعد شاہدرہ اور مریدکے میں منہاج القرآن کی مقامی تنظیمات نے امدادی کارواں کا استقبال کیا۔ یہاں عوام اور مقامی قائدین و کارکنان نے کارواں پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کیں۔ قافلہ طے شدہ روٹ کے مطابق سہ پہر چار بجے گوجرانوالہ پہنچا۔ منہاج ویلفیئر فاونڈیشن گوجرانوالہ کی طرف سے ریلوے اسٹیشن کے پاس استقبالیہ اور امدادی کیمپ لگایا گیا تھا۔ یہاں عمران علی ایڈووکیٹ کی سربراہی میں منہاج یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹ موومنٹ اور تحریک کے دیگر فورمز کے نمائندگان و کارکنان نے کارواں کو خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر مقامی صحافیوں کی جانب سے ایک ٹرک سامان اور نقدی ناظم منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود کے سپرد کیا گیا۔ اس موقع پر قائم مقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض نے کارواں کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ بھی دی۔ نماز ظہر کی ادائیگی کے بعد قافلہ گوجرانوالہ سے روانہ ہوا اور وزیر آباد سے ہوتا ہوا گجرات پہنچا۔ گجرات پہنچنے پر منہاج یوتھ لیگ کی تنظیم نے شہر سے باہر موٹر سائیکلوں کے جلوس اور تحریکی پرچموں کے ساتھ کارواں کا شاندار استقبال کرتے ہوئے جلوس کی شکل میں کارواں کو گجرات شہر لے گئے۔ یہاں استقبالی وفود میں گجرات کی مقامی تنظیم اور تحریک کے تمام فورمز بھی شامل تھے۔ گجرات کی تنظیم نے امدادی سامان پر مشتمل ایک ٹرک اور نقدی کارواں کے حوالے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر شاہد محمود نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو بھی کی۔ گجرات سے ساڑھے 5 بجے کارواں اگلی منزل کے لیے روانہ ہوا۔ لالہ موسیٰ پہنچنے پر مقامی تنظیم نے کارواں کا استقبال کیا اور مقامی سطح پر جمع ہونے والی نقد رقم محترم ڈاکٹر شاہد محمود کے حوالے کی۔

کارواں ساڑھے 6 بجے کھاریاں پہنچا، جہاں تحریک منہاج القرآن کی مقامی تنظیم کے عہدیداران نے پھولوں کی پتیوں سے استقبال کیا۔ استقبالیہ کیمپ پر اکھٹا کیا گیا سامان اور جمع شدہ نقد رقم بھی کارواں کے سپر د کی گئی۔ یہاں سے نماز عصر کی ادائیگی کے بعد کارواں سرائے عالمگیر کے لیے روانہ ہوا۔ جہاں تنظیم کے سیکڑوں کارکنان نے کارواں کا استقبال کیا۔ تمام شرکاء نے ہاتھوں میں تحریکی پرچم اور استقبالیہ بینرز اٹھا رکھے تھے۔ سرائے عالمگیر کی تنظیم نے جمع ہونے والی رقم جمع کروائی اور کارواں کو رخصت کیا۔

تحریک کا امدادی قافلہ سوا 7 بجے جہلم (جادہ چونگی) پہنچا۔ پروفیسر محمد سلیم کی قیادت میں مقامی تنظیم اور جملہ فورمز نے کارواں کا استقبال کیا۔ جہلم کی تنظیم نے سامان ایک ٹرک پر لاکر کارواں کے ساتھ روانہ کیا۔ اس موقع پر مقامی پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان بھی موجود تھے۔ یہاں شیخ زاہد فیاض نے میڈیا کو MWF کی امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد کارواں دینہ کے لیے روانہ ہوا۔ دینہ پہنچنے پر تحریکی کارکنان نے جھنڈوں، پتیوں اور بینرز کے ساتھ کارواں کا استقبال کیا۔ تنظیم نے امدادی سامان کا ایک ٹرک اور نقد رقم ڈاکٹر شاہد محمود کے حوالے کی۔

رات 9 بجے کارواں سوہاوہ سے ہوتا ہوا گوجر خان پہنچا جہاں پیر سید صدیق شاہ کی قیادت میں مقامی تنظیم نے بینرز اور پھول نچھاور کر کے قافلے کو خوش آمدید کہا۔ قافلہ کی اگلی منزل وفاقی دارلحکومت اسلام آباد تھی۔ رات 10 بجے فیض آباد پہنچنے پر اسلام آباد اور راولپنڈی کی تنظیمات نے کارواں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کارکنان کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ فیض آباد میں منہاج القرآن یوتھ لیگ کی تنظیم نے استقبالیہ کیمپ کا اہتمام کیا تھا۔ اس موقع پر اسلام آباد کے مختلف نجی اور سرکاری ٹی وی چینلز کے نمائندگان نے کارواں کوریج کی۔ یہاں شیخ زاہد فیاض اور ڈاکٹر شاہد محمود نے میڈیا کو بریفنگ دی۔ اسلام آباد کی طرف سے بھی امدادی ساماں پر مشتمل ٹرک بھی کارواں میں شامل کیا گیا۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ راولپنڈی اور اسلام آباد کی طرف سے کارواں کے تمام شرکاء کے لیے عشائیے کا بھی اہتمام کیا تھا۔

یہاں سے 24 مئی 2009ء کو شب 12 بجے امدادی کارواں اپنی آخری منزل مردان کے لیے روانہ ہوا۔ آخری مرحلے کے سفر سے قبل امدادی کارواں میں شامل ٹرکوں کی تعداد پچیس ہو گئی تھی۔ صبح 5 بجے کارواں موٹر وے کے راستے مردان انٹرچینج سے ہوتا ہوا مردان کے قریب قائم کردہ منہاج خیمہ بستی پہنچا، جہاں تمام شرکاء قافلہ نے نماز فجر ادا کی۔

دن 11 بجے مقامی تنظیم نے میڈیا کے احباب، ٹی وی چینلز کے نمائندگان کو بلوایا اور ایک پریس کانفرنس کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر قائم مقام ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن ڈاکٹر شاہد محمود اور سردار منصور احمد خان نے پریس کانفرنس کی۔ شیخ زاہد فیاض نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی جانب سے امدادی کارروائیوں کاوشوں کی بریفنگ دی۔ شیخ زاہد فیاض نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن نے منہاج ویلفئیر فاونڈیشن کے پلیٹ فارم سے مہاجر بھائیوں کی بحالی کا بیڑا اٹھایا ہے۔ اس سلسلہ میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں لاہور میں جھولی پھیلاو مہم بھی جاری ہے جس میں عوام بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ میاں طاہر یعقوب، ڈاکٹر تنویر اعظم سندھو، افتخار شاہ بخاری، ضیاء الرحمن خان اور ساجد محمود بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں کو سامان سے لدے ٹرکوں، فلوٹ اور خیمہ بستی کا وزٹ بھی کرایا گیا۔ اسی شام خیمہ بستی میں منہاج پبلک سکول کا افتتاح کیا گیا اور متاثرہ خاندان کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے سلسلہ کا آغاز بھی کیا گیا۔ منہاج ویلفیئر فاونڈیشن مردان کی خیمہ بستیوں میں سامان کی تقسیم کا باقاعدہ طریقہ کار اور فارمولہ بنایا، جس کے تحت سامان کو بڑے منظم انداز میں متاثرین تک پہنچا دیا گیا۔ یاد رہے کہ منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے تمام امدادی کام کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں مکمل کیا۔

تبصرہ

Top