رپورٹ برائے تنظیمی وتربیتی وزٹس

رپورٹ : مریم حفیظ

ذمہ داران، کارکنان و وابستگان کی اخلاقی، فکری، تنظیمی و انتظامی تربیت کیلئے ہر سال منہاج القرآن ویمن لیگ کی طرف سے ورکنگ پلان کے مطابق فیلڈ میں تنظیمی وزٹس اور ورکشاپس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں مورخہ 8 اکتوبر تا11 اکتوبر 2009ء چار روزہ تنظیمی و تربیتی دورہ کیا گیا۔ اس دورہ کے دوران بورے والا، وہاڑی، جہانیاں، دنیاپور، لودھراں، علی پور جتوئی، مظفرگڑھ، ملتان، کبیر والا اور خانیوال میں تنظیمی و تربیتی ورکشاپس، ورکرز کنونشز اور تنظیمی نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس دورہ میں مرکز کی جانب سے محترمہ ساجدہ صادق مرکزی نائب ناظمہ، محترمہ فریحہ خان مرکزی ناظمہ دعوت اور محترمہ شمائلہ عباس مرکزی نائب ناظمہ دعوت نے شرکت کی۔

بورے والا، وہاڑی

بورے والا اور وہاڑی کی تنظیمی و تربیتی ورکشاپ میں ذمہ داران، کارکنان و وابستگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ محترمہ ساجدہ صادق مرکزی نائب ناظمہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تین سالہ ورکنگ پلان، vision 2012 کی اہمیت، اہداف اور مقاصد بیان کئے، نیز ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سال 10-2009 کے اہداف سے بھی ذمہ داران کو آگاہ کیا۔ ورکشاپ سے گفتگو کرتے ہوئے محترمہ شمائلہ عباس مرکزی نائب ناظمہ دعوت نے دعوت کی اہمیت، ذرائع اور تقاضوں پر گفتگو کی اور پراجیکٹس کے بارے میں بریفنگ دی۔ محترمہ فریحہ خان مرکزی ناظمہ دعوت نے گفتگو کرتے ہوئے تربیت کی ضرورت و اہمیت پر زور دیا اور تربیت سے متعلق پراجیکٹس کے بارے میں ہدایات دیں۔ اس موقع پر بورے والا اور وہاڑی کی تنظیمِ نو بھی کی گئی اور مؤثر ٹیم ورکنگ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

لودھراں، ملتان

لودھراں اور ملتان میں عظیم الشان ورکرز کنونشن کا اہتمام کیا گیا جس میں تحصیلی سطح پر اور UCs سے ذمہ داران، کارکنان اور وابستگان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ان کنونشز کا مقصد تحریک کی آئندہ تین سالہ حکمت عملی، اہداف اور ترجیحات بریف کرنا تھا۔ محترمہ شمائلہ عباس نے دعوت کی اہمیت و حکمت عملی بیان کرتے ہوئے کہا کہ حکمت پر مبنی دعوت ہی مؤثر ہو سکتی ہے۔ مزید انہوں نے ناظمہ دعوت کی فعالی اور دعوت کے پراجیکٹس، دروس قرآن، عرفان القرآن کورس اور حلقات درود کے قیام کی اہمیت، مقاصد اور اس سے نتائج کے حصول کی حکمت عملی بیان کی۔ محترمہ فریحہ خان نے تربیت کی ضرورت و اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں تبدیلی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ہمارے من میں تبدیلی نہ آئے۔ ناظمہ تربیت کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مزید انہوں نے زاد سفر اور سی ڈی ایکسچینج کی اہمیت پر بھی گفتگو کی۔

ان کنونشز میں محترمہ ساجدہ صادق نے تین سالہ ورکنگ پلان، vision 2012 کی اہمیت، اہداف اور مقاصد بیان کیے۔ نیز سال 10-2009 کی ترجیحات اور اہداف سے بھی ذمہ داران کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پلاننگ کی اہمیت اور تقاضوں سے شرکاء کو آگاہ کیا اور مزید کہا کہ ہمیں آئندہ سالوں میں تحریک کے دعوتی اور تنظیمی کام کو مزید منظم کرنا ہو گا۔

جہانیاں، دنیا پور، بہاولپور، علی پور جتوئی، مظفرگڑھ کبیر والا اور خانیوال

درج بالا شہروں میں تنظیمی نشستوں کا اہتمام کیا گیا ان میٹنگز میں وابستگان اور تنظیمی ذمہ داران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ محترمہ ساجدہ صادق نے تحریک اور قائد تحریک کا تعارف اور تحریک منہاج القرآن کے مقاصد بیان کئے۔ مزید انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن ویمن لیگ دعوت و تبلیغ حق، اصلاح احوال امت، تجدید و احیائے دین اور ترویج و اقامت اسلام کے لئے سرگرم عمل ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محترمہ شمائلہ عباس نے دعوت کے پراجیکٹس، حلقات عرفان القرآن اور حلقات درود کے قیام کی اہمیت اور اس سے نتائج کے حصول کی حکمت عملی بیان کی۔ محترمہ فریحہ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی شخصیت اور اپنے کردار کو آقا علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اپنے اخلاق، احوال، اور اعمال کی اصلاح کریں۔ اخلاق سے عاری کارکن سب کچھ ہو سکتا ہے لیکن داعی نہیں ہو سکتا اور زاد سفر کے حوالے سے بریف کیا۔ اس موقع پر ان تمام علاقوں میں تحصیلی سطح پر تنظیم سازی بھی کی گئی۔

ان دورہ جات کا مقصد ذمہ داران، کارکنان اور وابستگان کو تحریک اور قائد تحریک سے قلبی و حبی طور پر وابستہ کرتے ہوئے انکی اخلاقی، فکری اور تنظیمی تربیت کرنا اور تنظیمی نیٹ ورک میں توسیع پیدا کرنا تھا تاکہ مصطفوی مشن کے اس قافلے کو بڑھایا جا سکے۔

تبصرہ

Top