اجتماعی قربانی 2009ء کی تیاریاں مکمل

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نےگزشتہ سالوں کی طرح اس سال (2009) بھی اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا ہے۔ مرکزی قربان گاہ میں قربانی کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ٹاون شپ بغداد ٹاون میں مرکزی قربان گاہ قائم کی گئی ہے۔ لاہور میں بڑے پیمانے پر اجتماعی قربانی کے لیے ہزاروں جانور خریدے گئے ہیں۔ اجتماعی قربانی کے لیے 3 ہزار گائے، 5 ہزار بکرے اور چھترے بھی قربانی کے لیے خرید لیے گئے ہیں۔ منہاج ویلفیئر فاونڈیشن نے اس سال پورے ملک میں اجتماعی قربانی کو یونین کونسل سطح تک کر دیا ہے۔ اس سلسلہ میں ملک بھر کی 300 سے زائد تحصیلوں اور 1500 یونین کونسلوں میں بھی اجتماعی قربانی کا انتظام بھی کیا گیا ہے جس میں ہزاروں جانور قربان کر کے سنت ابراہیمی ادا کی جائے گی۔

ٹاؤن شپ میں قائم مرکزی قربان گاہ میں جانوروں کی حفاظت کے لیے موسم کے مطابق بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ جانوروں کی حفاظت کے لیے پیشہ ور مہارت یافتہ عملہ چوبیس گھنٹے قربان گاہ میں موجود ہے، جہاں تمام جانوروں کے لیے ان کی ضرورت کے مطابق الگ الگ اور بروقت چارہ دیا جاتا ہے۔ جانوروں کو پانی پلانے کے لیے بھی بہترین انتظامات موجود ہیں۔

دریں اثناء منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے نائب ناظم افتخار شاہ بخاری اور مرکزی قائدین نے قربان گاہ کا وزٹ کیا اور وہاں مختلف انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزٹ کرنے والے مرکزی قائدین کے وفد میں رانا فاروق احمد، رانا فیاض احمد، جواد حامد، ملک شمیم احمد اور حاجی محمد الیاس بھی شامل تھے۔ قربان گاہ کے مختلف حصوں میں انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد سید افتخار شاہ نے کہا کہ مرکزی قربان گاہ میں ہزاروں جانور قربان کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا گوشت 25 ہزار مستحق گھرانوں تک بھی پہنچایا جائے گا۔ اس سلسلہ میں یونین کونسلز کی سطح پر پروقار تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ قربانی کے گوشت سے عمدہ اور لذید کھانے بنا کر لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں مریضوں اور ان کے لواحقین میں تقسیم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ قربانی کی خوشیوں میں جیل کے قیدیوں کو بھی شریک کیا جائے گا، جس کے لیے انہیں مختلف جیلوں میں جا کر کھانا فراہم کیا جائے گا۔

ملک شمیم نمبردار نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی تمام خریداری مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بھی ہزاروں افراد نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے قربانی کے لیے اپنے حصے ایڈوانس بک کروا لیے ہیں۔

سیکرٹری قربانی مہم جواد حامد نے بتایا کہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے مختلف 32 انتظامی کمیٹیاں اور 500 سے زائد افراد قربانی کے کامیاب انتظامات میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے روز ماہر قصابوں کی ٹیم علماء کی نگرانی میں شرعی اصولوں کے مطابق قربانی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستحقین و غرباء میں گوشت کی تقسیم کے علاوہ ہسپتالوں اور جیل خانہ جات میں بریانی تقسیم کی جائے گی۔

رپورٹ : ایم ایس پاکستانی

تبصرہ

Top