لیاقت باغ عوامی ریلی کی تیاریوں کے حوالے سے راولپنڈی میں ڈویژنل ورکرز کنونشن کا انعقاد
تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام 18 دسمبر 2011ء لیاقت باغ میں ہونے والے بیداریء شعور عوامی ریلی کی تیاریوں کے سلسلہ میں27 نومبر بروز اتوار کو ضلعی سیکرٹریٹ البلال پلازہ چاندنی چوک راولپنڈی میں ایک ڈویژنل ورکرز کنونش کا انعقاد کیا گیا جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ تحریک منہاج القرآن کے ناظم اعلٰی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی، سینئر نائب ناظم اعلٰی شیخ زاہد فیاض، مرکزی ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی، امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم بھی خصوصی طور پر اس کنونشن میں تشریف لائے۔
ناظم اعلی ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نظام انتخاب و سیاست کے ہوتے ہوئے عوام کے حق میں کسی بڑی تبدیلی کی امید نہیں کی جاسکتی۔ ملکی معیشت و معاشرت تباہی کے دہانے پر ہے، اب مزید اس نظام اور اس کے محافظوں کو پانچ سال نہیں دیئے جاسکتے۔ ہم اس نظام کے خلاف اعلان بغاوت کرتے ہیں لیکن ہماری بغاوت ریاست کے خلاف نہیں بلکہ نظام سیاست کے خلاف ہے۔ عوام اگر مہنگائی، بدامنی، دہشت اور بیروزگاری کی دلدل سے نکلنا چاہتے ہیں تو ہمارا ساتھ دیں۔
سینئر نائب ناظم اعلی شیخ زاہد فیاض نے کنونشن کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صرف ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نظام کی تبدیلی کی بات کررہے ہیں اور کوشش بھی، جبکہ باقی تمام اسی نظام انتخاب، جس نے پچھلے ساٹھ سالوں سے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا کی حفاظت پر بضد ہیں۔ اب فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ ریاست بچانی ہے یا سیاست۔
امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم اپنے خطاب میں کہا کہ لیاقت باغ کا جلسہ ملک میں آنی والی بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ کارکنان موجودہ نظام کے خلاف عوام میں آگہی پیدا کرنے کے لئے دن رات محنت کریں۔
مرکزی ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی نے کنونشن کے آخر میں جلسے کی تیاریوں کے حوالے سے مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں اور اہداف تقسیم کئے گئے۔
کنونشن میں جب مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے ناصر باغ کے اجتماع کی جھلکیاں تحریکی نغموں کے ساتھ ٹی وی سکرین پر دکھائی گئیں تو تمام شرکاء جھوم اٹھے۔ کنونشن میں قبلہ شیخ الاسلام کا خصوصی ویڈیو پیغام بھی سنایاگیا۔
تبصرہ