منہاج تحفیظ القرآن اسلامک سنٹر کے زیراہتمام ٹیچرز ٹریننگ

مورخہ 8 دسمبر بروز جمعرات منہاج تحفیظ القرآن اسلامک سنٹر مانکیالہ مسلم (گوجر خان) میں ٹیچرز ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا جس میں تحصیل گوجر خان کے متعدد سکولوں (منہاج ماڈل سکول جبووکسی اعوان، منہاج ماڈل سکول گلیانہ، منہاج ماڈل سکول گوجر خان اور النور یونیورسل اکیڈمی) سے40 کے قریب خواتین پرنسپل صاحبان اور ٹیچرز کے علاوہ منہاج تحفیظ القرآن کے ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ یہ تقریب ڈائریکٹر منہاج تحفیظ القرآن مانکیالہ مسلم و اسلامک سنٹر علامہ پروفیسر محمد طاہر علوی کی زیرسرپرستی منعقد ہوئی۔ ٹیچرز ٹریننگ کے لئے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی لاہور سے محمد عمران بھٹی ( ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیچرز ٹریننگ) تشریف لائے تھے۔ انہوں نے Way of Teaching پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کا بنیادی ہدف روایتی طریقہ تعلیم کا خاتمہ ہے۔ تعلیم کا مقصد صرف ڈگری لینا نہیں بلکہ ایک اچھا، باشعور اور بامقصد طالب علم پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پورا ملکی نظام تعلیم روایتی انداز پر مبنی ہے جس میں طلبہ کو صرف علم پڑھایا جارہا ہے، سکھایا نہیں جارہا جبکہ منہاج ایجوکیشن سوسائٹی صرف علم پڑھا نہیں رہی بلکہ علم سکھا رہی ہے۔

ٹریننگ سیشن میں سوال و جواب کے علاوہ عمران بھٹی نے تمام ٹیچرز سے Activities کروائیں اور انہیں باور کروایا کہ کس طرح وہ اپنی کلاس اور سکول کو ایک کامیاب کلاس اور سکول بناسکتے ہیں۔ ٹیچرز ٹریننگ کے بعد جملہ سکولوں سے آنے والی تمام ٹیچرز کو سیکرٹری منہاج تحفیظ القرآن اسلامک سنٹر مسز صدف رحمان اور پروفیسر طاہر علوی نے پرنسپل صاحبان، ٹیچرز اور عمران بھٹی کو اسلامک سنٹر کا وزٹ کروایا۔ آخر میں تمام شرکاء سے صدر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن فرانس محمد نعیم چوہدری نے ملاقات کی اور سب کا شکریہ ادا کیا۔ کھانے اور دعا کے ساتھ ٹیچرز ٹریننگ کا اختتام ہوا۔

رپورٹ: قاری حافظ محمد ناصر محمود

تبصرہ

Top