تحریک منہاج القرآن دولتالہ کے زیرانتظام 23 شادیوں کی اجتماعی تقریب

مورخہ: 11 مارچ 2012ء

مورخہ 11 مارچ بروز اتوار دن 11 بجے ڈونگی کلاں داخلی دولتالہ میں تحریک منہاج القرآن اور منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن دولتالہ کے زیراہتمام سالانہ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر 23 اجتماعی شادیوں کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھنگالی شریف پیر سید جابر علی شاہ ہمدانی نے کی،

 جبکہ مہمانان خصوصی رانا محمد ادریس (نائب ناظم مرکزی تحریک منہاج القرآن لاہور)، ملک فخر زمان عادل (صدر منہاج القرآن دبئی)، حاجی مظہر الحق (صدر منہاج القرآن حلقہ PP-14 راولپنڈی)، سید افتخار شاہ بخاری (ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن)، چوہدری جمیل (نائب صدر منہاج ایشین کونسل)، انار خان گوندل (نائب ناظم TMQ پنجاب)، ڈاکٹر محمد واجد مصطفوی (صدر تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان)، طاہر محمود علوی (ڈائریکٹر منہاج تحفیظ القرآن مانکیالہ مسلم)، راجہ شوکت عزیز بھٹی MPA حلقہ PP-4، سابق تحصیل ناظم چوہدری محمد عظیم سمیت دیگر کئی سیاسی و سماجی شخصیات شامل تھیں۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے، ثنا خوان مصطفی، منہاج نعت کونسل، محمد بلال قادری (دینہ) اور شہزاد برادران (لاہور) نے دف کے ساتھ درودوسلام اور ہدیہ نعت پیش کی، جبکہ نقابت کے فرائض عالمی شہرت یافتہ نقیب بدرالاسلام بدر (راولپنڈی) نے سرانجام دیئے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر سید جابر علی شاہ ہمدانی نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے پلیٹ فارم سے خدمت خلق کا فروغ خوش آئند ہے۔ یہ کام درگاہوں اور پیران عظام کا ہونا چاہئے جس کو بڑے احسن انداز میں تحریک منہاج القرآن نبھا رہی ہے۔

اس موقع پر خصوصی خطاب رانا محمد ادریس (نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن لاہور) نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی خوشی میں تحریک منہاج القرآن سیرت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل کرتے ہوئے اپنے غریب بھائیوں کو ساتھ لیکر چل رہی ہے اور سیرت و میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عملی طور پر عمل کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا پیغام یہی ہے کہ خدمت خلق اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے۔ تحریک منہاج القرآن اس امر کیلئے کوشاں ہے کہ ہر ایک دل میں محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جاگزیں ہوجائے۔ تحریک منہاج القرآن کا ہر کارکن یہ چاہتاہے کہ محبت، ادب، عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو عہد وفا تک لے جایا جائے۔

راجہ شوکت عزیز بھٹی MPA نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح اجتماعی شادیوں کا انعقاد صرف تحریک منہاج القرآن کا خاصہ ہے، ہم تحریک منہاج القرآن کے اس احسن قدم پر تحریک منہاج القرآن کے بانی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سمیت جملہ رفقاء و کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر تحریک منہاج القرآن دولتالہ جاوید اقبال نے کہا کہ ہم جس مشن میں قائد انقلاب کیساتھ کھڑے ہوئے ہیں، ان شاء اللہ مرتے دم تک اسی مشن کا حصہ رہیں گے اور عوام پاکستان اور اہل دُنیا کو بھی دعوت دیتے ہیں کہ آؤ محبت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور ادب مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسم میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے سنگ لگ جاؤ۔

اس موقع پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا نے بھرپور کوریج کا انتظام کیا جن میں عروج ٹی وی، منہاج ٹی وی، دنیا نیوز، ایکسپریس نیوز، راول نیوز شامل ہیں، جس پر تحریک منہاج القرآن دولتالہ کی طرف سے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا گیا۔ اس پرمسرت موقع پر ضیافت میلاد کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔

رپورٹ: عبدالستار نیازی (ناظم نشرواشاعت تحریک منہاج القرآن تحصیل گوجرخان)
فوٹو گرافی: توقیر عباس مغل (میڈیا کوآرڈینیٹر تحریک منہاج القرآن چکوال)

تبصرہ

Top