منہاج القرآن ویمن لیگ دولتالہ کے زیراہتمام محفل میلاد

مورخہ: 16 مارچ 2012ء

منہاج القرآن ویمن لیگ حلقہ پی پی 4 کے یونٹ ڈھوں کے زیراہتمام عظیم الشان محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا انعقاد محترمہ نازیہ طاہر ناظمہ فنانس کے گھر مورخہ 16 مارچ بروز جمعہ دن 11 بجے کیا گیا، جس میں خصوصی شرکت محترمہ مصباح کبیر ریسرچ سکالرمنہاج مرکز لاہور نے کی جبکہ علاقہ بھر سے خواتین کی بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوت کلام پاک سے محترمہ مریم کبیر نے کیا جس کے بعد محترمہ رفعت جان نے آقا علیہ الصلوۃ والسلام کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول پیش کیے جبکہ خصوصی نعت خوانی منہاج نعت کونسل حلقہ پی پی 4 کی بچیوں ایمن زہرا اور ثمن زہرا نے دف کے ساتھ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں انتہائی خوبصورت انداز میں گلہائے عقیدت پیش کیے، جس سے محفل میں روحانی اور وجدانی کیفیت پیدا ہوگئی۔ محفل میں نقابت کے فرائض ہاجرہ محمود ناظمہ ویمن لیگ پی پی 4 نے سرانجام دیئے۔

محفل سے خطاب کرتے ہوئے ریسرچ سکالر محترمہ مصباح کبیر نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے سارے جہانوں کے لئے رحمت بنا کر بھیجا ہے یعنی اگر اس دنیا میں ہم رہ رہے ہیں تو اس دنیا میں بھی ہر فرد کسی نہ کسی طریق سے رحمت محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے فیض یاب ہورہا ہے اور جب امتی وفات پاجائیں گے توتب بھی قیامت کے انعقاد سے پہلے عالم برزخ میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ہر امتی کسی نہ کسی طریق پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت و شفاعت سے متمتع اور فیض یاب ہورہے ہونگے۔ دنیا اور آخرت میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت و شفاعت ہی سے ہماری بخشش اور نجات ممکن ہے۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات مقدسہ کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کرلیں تاکہ ہم دنیا و آخرت کی کامیابیاں سمیٹ سکیں۔

محفل کے آخر میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہء درود و سلام نہایت ادب اور محبت سے پیش کیا گیا۔ محفل میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو کامیاب کرنے میں منہاج القرآن ویمن لیگ کے ساتھ چوہدری طاہر خان مصطفوی (ناظم مالیات) اور تحریک منہاج القرآن ڈھوں کی تنظیم نے بھر پور تعاون کیا۔ اس خوبصورت محفل کا اختتام محترمہ مصباح کبیر صاحبہ کی رقت آمیز دعا سے ہوا۔ محفل کے آخر میں تمام شرکا کیلئے ضیافت کا وسیع انتظام کیا گیا تھا۔

تبصرہ

Top