جہلم: مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن منہاج القرآن یوتھ لیگ کا دورہ جہلم

مرکزی سیکرٹری کوآرڈینیشن منہاج القرآن یوتھ لیگ ایچ وقار قادری نے ضلع جہلم کی مختلف تحصیلات و یونین کونسلز کا وزٹ کیا۔ انہوں نے 21 فروری کی صبح اپنے وزٹ کا آغاز تحصیل جہلم کی یونین کونسل سنگھوئی سے کیا جہاں نوجوانوں سے ملاقات کی اور تنظیم نو کے سلسلے میں نوجوانوں کو بریف کیا۔ اِس کے بعد یونین کونسل چک جمال میں تنظیم نو کی اور نوجوانوں کو تنظیمی کام کرنے کے حوالے سے بریف کیا اور ٹارگٹس کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ پھر یونین کونسل کالا گجراں اور جہلم سٹی کی دیگر تنظیمات اور نوجوانوں سے ملاقاتیں کیں۔ جس کے بعد تحصیل جہلم کی تنظیم کیساتھ ملاقات میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا۔

22 فروری کو تحصیل پنڈدادنخان کا وزٹ کیا جس میں تحصیلی تنظیم کے علاوہ یونین کونسلز کی تنظیمات سے ملاقات کی اور پیغام انقلاب نوجوانوں تک پہنچایا اور تحصیل پنڈدادنخان کے عظیم سپوت محمود سیالوی شہید کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اُن کی خدمات کو سراہا۔

23 فروری کی صبح پہلے تحصیل دینہ کی تحصیلی تنظیم سے میٹنگ ہوئی جس میں سابقہ کارکردگی اور آئندہ کے ورکنگ پلان کا جائزہ لیا گیا۔ اسکے بعد اسلامک سنٹر کالووال میں قائد ڈے کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب کیا اور کیک بھی کاٹا۔ بعد ازاں تحصیل سوہاوہ میں قائد ڈے کی تقریب سے خطاب کیا اور منہاج القرآن یوتھ لیگ تحصیل سوہاوہ کی تنظیم سازی کی گئی اور تمام نومنتخب ذمہ داران کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر عہد کیا گیا کہ ہم ان شاء اللہ انقلاب کا سویرا طلوع ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان تمام دورہ جات میں زین العابدین (ضلعی کوآرڈینیٹر) ساتھ رہے۔

وقار احمد قادری نے اپنے خطابات میں کہا کہ آج نااہل حکمرانوں کی وجہ سے بلوچستان الگ ہونے کی بات کر رہا ہے جہاں قدرتی وسائل کا بہت بڑا ذخیرہ موجود ہے۔ اِس کے باوجود وہاں کے لوگ اُن وسائل سے محروم ہیں۔ دوسری طرف جہاں بچیوں کی عزتیں محفوظ نہیں وہاں ساتھ طالبان سے مذاکرات کی آڑ میں ملک کو بیچا جا رہا ہے اور مزاکرات بھی اُن سے کئے جارہے جو کبھی بے گناہ شہریوں کو مار دیتے ہیں تو کبھی 23 اہلکاروں کے گلے کاٹ دیئے جاتے ہیں۔ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے تو چیونٹیوں کو جلانے سے بھی منع فرمایا کہ اللہ ناراض ہوتا ہے تم کون سی شریعت کی بات کرتے ہو؟ آج کا نو جوان ہی نوجوان کو لیڈ کر سکتا ہے جو کہ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے وجود کا مقصد ہے، اور یوتھ لیگ یہ فریضہ حقیقی معنوں میں ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بسنے والے یا تنظیمی لوگوں کا آپس میں تعلق بند مٹھی کی طرح ہونا چاہئے جنہیں کوئی الگ نہ کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس نظام کے باغی ہیں جو عوام کے حقوق کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے۔ ہم یزیدی نظام میں رہ رہے ہیں جو عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کر رہا ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے آج تک جتنا بھی کام کیا اُس میں سے اپنے لئے کچھ نہیں بنایا۔ سب اللہ اور رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کے دین کی خدمت کے لئے کیا اور اگر وہ صرف علمی کام ہی کرتے رہیں جس سے ہمیں اور ہماری نسلوں کو فائدہ ہو گا مگر حقوق العباد کے لئے کچھ نہ کریں تو اِس کا آخرت میں اُن سے سوال ہو گا علم رکھتے ہوئے بھی میری مخلوق کے لئے کچھ نہ کیا۔ امام اعظم امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ نے کسی بادشاہ کی تعریف نہ کی تو سزائے موت دے دی گئی۔ آج ڈاکٹر طاہر القادری بھی صرف اللہ اور اُس کے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  کی تعریف کر رہے ہیں، اور انہوں نے باطل قوتوں کو للکارہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنا دن رات ایک کر کے حقوق العباد کیلئے عوام کو اُٹھائیں تاکہ جلد از جلد مصطفوی انقلاب کا سویرا ملک و قوم کا مقدر بن سکے اور دُعا ہے معاشرے کا ہر فرد ڈاکٹر طاہر القادری کا دست و بازو بن کر اپنی نسلوں کو بچا سکے۔

رپورٹ: زین العا بدین (ضلعی کوآرڈینیٹر) منہاج القرآن یوتھ لیگ ضلع جہلم

تبصرہ

Top