واہ کینٹ: تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ’’سفیر امن‘‘ کانفرنس کا انعقاد

واہ کینٹ: تحریک منہاج القرآن ٹیکسلا کے زیرِاہتمام ڈاکٹر طاہرالقادری کے یومَ پیدائش کے موقع پر گزشتہ روز مقامی شادی ہال میں عظیم الشان سفیرِ امن کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس عوام الناس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا۔ اس موقع پر تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم ِاعلٰی شیخ زاہد فیاض، تحریک منہاج القرآن راولپنڈی کے ضلعی امیر انار خان گوندل، پیر فضلِ ربانی آف نیریاں شریف، پیر سید آصف منصور ٹیکسلا، سابق چیف جسٹس ہائی کورٹ سید انتخاب حسین شاہ، ممبر قومی اسمبلی حاجی غلام سور خان، پاکستان عوامی تحریک PP-8 کے صدر سید گفتار حسین شاہ (ایڈوکیٹ ہائی کورٹ )، پاکستان عوامی تحریک PP-8 کے جنرل سیکرٹری سیف الرحمٰن عطاری، پاکستان عوامی تحریک PP-7 کے صدر سیف اللہ قادری، تحریک منہاج القرآن کے PP-8 کے صدر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحیم کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر نغموں کی گونج میں 25 کلو گرام کا کیک کاٹا گیا اور کارکنوں نے اپنے قائد سے عہد وفا اور محبت کا اظہار کیا۔

تحریک منہاج القرآن کے مرکزی ناظم ِاعلٰی شیخ زاہد فیاض نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس شان و شوکت سے پہلی دفعہ قائد ڈے تحریکی زندگی میں منایا جا رہا ہے جس کی مثال تحریک منہاج القرآن کے سابقہ ادوار میں نہیں ملتی ہے۔ ہماری قربانیوں اور قائد سے محبت نے ثابت کر دیا ہے کہ سر تو کٹ سکتا ہے، جان تو جا سکتی ہے لیکن طاہرالقادری کا ساتھ نہیں چھوڑا جا سکتا۔ طاہرالقادری نے عوام کو آئین کا شعور دیا، اپنے حق کی خاطر آواز اٹھانے اور ظلم کو روکنے کی ہمت اور جرات کا حوصلہ دیا، ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا تھا کہ الیکشن آئین کی شق نمبر 62، 63 اور 218 کے مطابق کروائے جائیں تو مفید ہوں گے اور یہ بھی کہا تھا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات کا فائد ے کے بجائے نقصان ہوگا، اس وقت اگر یہ بات مان لی جاتی تو آج قوم کو یہ دن دیکھنے نہ پڑتے۔

حاجی غلام سرور ممبر قومی اسمبلی نے کہا کہ اللہ نے ڈاکٹر طاہرالقادری کو اتنی خوبیوں سے نوازا ہے کہ کوئی بھی شخص ان سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری اتحادِ امت کے داعی ہیں اور امن کے سفیر ہیں۔

سابق چیف جسٹس ہائی کورٹ سید انتخاب شاہ نے کہا آج اگر معاشرے میں تبدیلی آئی ہے اور vip کلچر کے خلاف آواز اٹھی ہے تو وہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی وجہ سے آئی ہے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کی قسم کھا کر کہا انقلاب ضرور آئیگا۔

اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک PP-8 کے صدر سید گفتار حسین شاہ (ایڈوکیٹ ہائی کورٹ ) اور محترمہ نگہت نعیم ناظمہ منہاج ویمن لیگ تحصیل ٹیکسلا نے بھی خطاب کیا۔

تبصرہ

Top