منہاج القرآن راولپنڈی کے ورکرز کنونشن میں ڈاکٹر حسین محی الدین کی شرکت

تحریک منہاج القرآن راولپنڈی کا ورکرز کنونشن 28 جنوری 2017ء کو ہوا، جس کی صدارت صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کی۔ ورکرز کنونشن میں نائب ناظم اعلیٰ رانا محمد ادریس، نعیم کیانی، آغا محمود الحسن، ابرار رضا ایڈووکیٹ اور انار خان گوندل نے بھی خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت و نعت سے ہوا، جس کے بعد مقامی قائدین نے اظہار خیال کیا۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن علم اور امن کے فروغ کی تحریک ہے۔ تحریک منہاج القرآن پوری دنیا میں اسلام کے پر امن اور ترقی پسند تشخص کو اجاگر کر رہی ہے۔ تحریک منہاج القرآن کے نوجوانوں نے وطن عزیز میں بھی امن اور بیداری شعور کے حوالے سے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔ 17 جون 2014 کے دن کارکنوں کو جس بے دردی کے ساتھ شہید کیا گیا وہ پاکستان کی تاریخ کے سیاہ ترین واقعات ہیں اور سب سے بڑھ کر ظلم یہ ہوا کہ شہداء کے ورثاء کو انصاف سے بھی محروم رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک اور معاشرے انصاف کے بول بالا سے اپنا وجود قائم رکھتے ہیں۔ انصاف کے بغیر امن قائم ہو سکتا ہے اور نہ کوئی معاشرہ ترقی کرسکتا ہے۔

ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے مزید کہا کہ اس وقت قوم و ملک پر ظالم و جابر حکمران مسلط ہیں اور 20 کروڑ عوام مصیبت زدہ ظلم، بربریت، سیاسی و معاشی دہشتگردی کا شکار بن کر زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری 35 سالہ جدوجہد امن و سلامتی پر مبنی ہے۔ اس کی سب سے بڑی مثال 14 جون کو سانحہ ماڈل ٹاون ہے، جہاں کارکنون کی لاشیں ہمارے سامنے تھیں لیکن پھر بھی پرامن رہے۔ ہماری جدوجہد ظالموں، وڈیروں، جاگیرداروں، سرمایہ داروں کے بنائے گئے ظالمانہ استحصالی کرپٹ نظام کے خلاف ہے۔ پوری قوم کو اس نظام کے خلاف اٹھنا ہو گا کیونکہ یہ سیاست نہیں عبادت ہے۔

تبصرہ

Top