دروس عرفان القرآن (چیچاوطنی): پہلا دن

(چیچہ وطنی) رمضان المبارک کی بابرکت ساعتوں میں رجوع الی القرآن، فہم دین اور اصلاح احوال امت کیلئے تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام ٹینکی پلاٹ نزد نورالمساجد میں نماز فجر کے بعد پانچ روزہ دروس عرفان القرآن کی پہلی نشست مورخہ 22 جولائی 2012ء کو منعقد ہوئی جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے تربیت یافتہ سکالر علامہ نفیس حسین قادری نے خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد حضور نبی اکرم صلی اللہ علی وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے گئے۔

اس موقع پر علامہ نفیس حسین قادری نے "اقامت دین میں خواتین کا کردار" کے موضوع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک طبقہ عورت کو صرف گھر کی چار دیواری میں قید کرنا چاہتا ہے اور دوسرا طبقہ عورت کو جدیدیت اور آزادی کے نام پر عریانی فحاشی کے گندے تالاب میں ڈبونا چاہتا ہے لیکن قربان جائیں اسلام کی لازوال تعلیمات پرجو عورت کو راہ اعتدال پر رہتے ہوئے اور باپردہ انداز میں معاشرے میں باوقار کردار ادا کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ اسلام کے اولین دور میں خواتین اسلام نے ہر شعبہ زندگی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا، خصوصا تبلیغ اسلام اور جہاد میں بھی حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین اسلام ہر شعبہ زندگی میں تبلیغ اسلام خصوصاً اپنی اولاد کی تعلیم وتربیت اسلامی تعلیمات کے مطابق کریں اور دنیا و آخرت میں اجر عظیم حاصل کریں۔

دروس عرفان القرآن کے تمام پروگرامز تحریک منہاج القرآن، منہاج القرآن ویمن لیگ اور منہاج القرآن یوتھ لیگ تحصیل چیچہ وطنی کے زیراہتمام منعقد ہو رہے ہیں۔

پروگرام کا اختتام دعائے خیر سے ہوا۔

تبصرہ

Top