تحریک منہاج القرآن ساہکے وٹالیاں کے زیراہتمام محفل میلاد مصطفیٰ (ص)

مورخہ: 12 مارچ 2011ء

تحریک منہاج القرآن ساہکے وٹالیاں کے زیراہتمام مورخہ 12 مارچ 2011ء کو محفل میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں خصوصی خطاب نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس قادری نے کیا۔ محفل میلاد مصطفیٰ (ص) کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس کی سعادت قاری عامر رضا القاردی نے حاصل کی جبکہ اسلم ساہی نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی جس کے بعد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کا لکھا ہوا نعتیہ کلام پیش کیا گیا۔ نقابت کے فرائض افتخار احمد چوہدری نے اپنے مخصوص انداز میں سر انجام دیئے۔

محمد اسلم قادری صدر تحریک منہاج القرآن ڈسکہ نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دین کی جو خدمات سر انجام دی ہیں وہ ایک مجدد کا کام ہے۔ آپ نے بیک وقت لوگوں کو اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محبت کا طریقہ بتایا ہے۔ موجودہ فرقہ پرستی کے دور میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے دہشت گردی کے خلاف فتویٰ لکھ کر امت مسلمہ پر احسان کیا ہے اور دین اسلام کو امن و محبت اور سلامتی کا دین ثابت کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام تو جانوروں اور پرندوں کے حقوق کا بھی خیال رکھتا ہے۔ اسلام کیسے چاہے گا کہ انسانی جانوں کا ضیاع ہو؟ جو دہشت گرد ہیں وہ انسان نہیں ہو سکتے اور نہ ہی مسلمان ہو سکتے ہیں۔

نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن علامہ رانا محمد ادریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ سوال کرتے ہیں کہ ہم میلاد کیوں مناتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ایمان کی شرط محبت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ میلاد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہی انسان کے دل کو سکون ملتا ہے۔

پروگرام میں اختتامی دعا حاجی محمد شریف منڈ نے  کرائی جبکہ ماسٹر سجاد احمد قادری نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ محفل کے اختتام پر تمام شرکاء محفل کے لیے ضیافت میلاد کا بھرپور اہتمام کیا گیا تھا۔

رپورٹ : میاں محبوب احمد، صفدر علی بٹ

تبصرہ

Top