منہاج القرآن ویمن لیگ سمبڑیال کے زیراہتمام محفل میلاد

مورخہ: 21 مارچ 2012ء

منہاج القرآن ویمن لیگ سمبڑیال کے زیراہتمام مورخہ 21 مارچ 2012ء کو فائیو سٹار میرج ہال میں عظیم الشان محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم منعقد ہوئی۔ جس میں تمام یونین کونسلز کی تنظیمات نے اپنے علاقے کی خواتین اور کارکنان کے ساتھ بھرپور شرکت کی۔ اسکے علاوہ کثیر تعداد میں علاقہ بھر کی اہم شخصیات نے پروگرام میں شرکت کی۔ اس بابرکت محفل میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں تقریبا 2000 خواتین شریک ہوئیں۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ اس کے بعد منہاج گرلز کالج کی نعت کونسل نے انتہائی خوبصورت اور دلکش انداز میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ثناءخوانی کی جس میں پورے ہال پر ایک روحانی ماحول کی کیفیت طاری ہو گئی۔ ناظمہ دعوت محترمہ شمائلہ نے انتہائی احسن طریقے سے نقابت کے فرائض سرانجام دئیے۔ صدر محترمہ مسز نسیم نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے تمام شرکاء اور مرکزی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

اس پروگرام میں مرکزی ناظمہ تربیت محترمہ گلشن ارشاد نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے "آؤ ! کہ سب حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عہد وفا کریں"کے عنوان پر انتہائی مدلل اور فکر انگیز گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایمان کی کاملیت اور قبولیت نسبت و عشق مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بغیر ممکن نہیں۔ اُس وقت تک کوئی شخص کامل مومن نہیں ہو سکتا جب تک وہ سرور کونین علیہ الصلاۃ والسلام کی ذات مبارکہ کو دنیا کے مال ومتاع، دنیاوی رشتوں حتیٰ کہ اپنی جان سے بڑھ کر محبوب نہ بنا لے اور مزید یہ کہ اپنی زندگی کو ادب و اتباع مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نمونہ بنا کر حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کی نصرت اور سربلندی کو زندگی کا مقصد بنا لے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہماری کامیابی کا ایک ہی راستہ ہے کہ ہم محبت و غلامی رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی نسبت سے جڑ جائیں اور صحابہ وصحابیات کے اُسوہ کے مطابق اپنی زندگیوں کو محبت مصطفی، تعظیم مصطفی، اتباع مصطفی اور وفاء رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نمونہ بنا لیں۔ انہوں نے کہا شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری امت کا حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات سے انہی چار بنیادوں پر تعلق قائم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج امت مسلمہ جن مشکلات سے گزر رہی ہے اس کی اصل وجہ یہ ہے کہ ہم نے حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنا چھوڑ دیا ہے۔ آج اگر امت مسلمہ اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا چاہتی ہے تو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کو عشق تک لے کر جانا ہو گا اور اصلاح معاشرہ کے لئے عملی خدمات سرانجام دینا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ بحکم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری سال رواں کو میلاد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سال کے طور پر منایا جا رہا ہے اور آقا علیہ الصلاۃ والسلام کی محبت کے چراغ گلی گلی جلائے جائیں تاکہ ہمارا ٹوٹا ہوا تعلق گنبد خضرٰی سے جڑ سکے۔ محفل کے اختتام پر آقا علیہ الصلاۃ والسلام کی بارگاہ اقدس میں انتہائی عاجزی وانکساری سے سلام پیش کیا گیا جبکہ محترمہ گلشن ارشاد نے تمام امت مسلمہ کی امن وآشتی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی صحت وسلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس کے بعد تمام تحصیلی اور یونین کونسلز کی کارکنان و عہدیداران سے تنظیمی و تربیتی نشست کی گئی جس میں کارکنان کو تمام پراجیکٹس اور ان کی تکمیل کے لئے ورکنگ پلان سمجھایا گیا۔

تبصرہ

Top