سیالکوٹ : عظمت مصطفیٰ (ص) کانفرنس

توہین آمیز فلم اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف بھرپور اور پرامن احتجاج کرنے کے لیے مورخہ 05 اکتوبر 2012ء بروز جمعۃ المبارک تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ کے زیراہتمام عظیم الشان عظمت مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم موٹر سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ، منہاج القرآن یوتھ لیگ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے تمام عہدیداران اور کارکنان سمیت شہر بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی کی ایک بڑی تعداد موٹرسائیکلز پر سوار تھی جنہوں نے اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پوسٹرز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کا اختتام سیالکوٹ پریس کلب کے سامنے ہوا جہاں پر شرکاء ریلی نے شدید مگر پرامن احتجاج ریکارڈ کروایا۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ توہین آمیز فلم بنانا نہایت مکروہ فعل ہے، اور بالخصوص انبیاء علیہم السلام کی شان میں ایسی گستاخی قابل مذمت ہے، اور نہایت گھٹیا حرکت ہے۔ بین الاقوامی سطح پر اس حوالے سے فوری قانون سازی ہونی چاہیے تاکہ انبیاء کرام اور الوہی کتابوں کا تقدس پامال کرنے کی کوئی جراءت نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد، ادارے یا ملک کو اس بات کی اجازت نہیں دی جا سکتی کہ وہ اربوں انسانوں کی دل آزاری کا باعث بنے۔ امت مسلمہ کے حکمران OIC کا ہنگامی اجلاس بلا کر امریکہ کو مجبور کریں کہ اس ناپاک فلم پر فوری طور پر پابندی لگائے تا کہ اظہار رائے کے نام پر ایسے مذموم اقدامات کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند ہو سکے۔ انہوں نے توہین آمیز فلم کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی تجویز کی بھرپور تائید کی کہ تمام مسلم ممالک اقوام متحدہ میں اہانت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور تحفظ ناموس رسالت کے لئے ایک قرارداد پیش کریں۔

تبصرہ

Top