سیالکوٹ : تحریک منہاج القرآن کے زیراہتمام عزم انقلاب ورکرز کنونشن

تحریک منہاج القرآن سیالکوٹ کے زیر اہتمام 02 نومبر 2012ء کوعظیم الشان عزم انقلاب ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس کے مہمان خصوصی سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض تھے۔ اس عظیم الشان عزم انقلاب ورکرز کنونشن میں تحریک منہاج القرآن ، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ، پاکستان عوامی تحریک، منہاج القرآن یوتھ لیگ کے عہدیداران و کارکنان کے علاوہ منہاج القرآن ویمن لیگ کی عہدیداران و کارکنان نے بھی کشیر تعداد میں شرکت کی۔

سینئر نائب ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القرآن شیخ زاہد فیاض نے کارکنوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عوام موجودہ کرپٹ اور ظالمانہ انتخابی نظام کی خرابیوں کے خلاف بغاوت کر دیں اور جب تک الیکشن کمیشن انتخابی نظام میں اصلاحات نہ کرے تب تک چین سے نہ بیٹھیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر قوم کو بے قوف بنانے والے سن لیں اب ان کی سیاسی چالیں ناکام ہوں گی کیونکہ تحریک منہاج القرآن نظام کی تبدیلی کے لئے میدان عمل میں اُتر چکی ہے۔ 23 دسمبر کو مینار پاکستان میں ہونے والے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے تاریخی عوامی استقبال میں لاکھوں مرد و خواتین شرکت کریں گے۔

اس موقع پر صدر تحریک منہاج القرآن راشد محمود باجوہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 23 دسمبر کا دن عوامی انقلاب کا دن ہو گا۔ پاکستان پر مسلط ظالمانہ اور استحصالی نظام کے خاتمے کا دن ہو گا۔ 23 دسمبر کے دن لاکھوں عوام اپنے گھروں سے نکل کر اس ملک پر مسلط کرپٹ اور ظالمانہ انتخابی نظام سے بغاوت کا اعلان کر کے ثابت کرے گی کہ ہم آج ریاست بچانے نکلے ہیں اور ہم ان شاء اللہ سیالکوٹ سے 1000 ہزار بسیں لے کر مینار پاکستان جائیں گے۔

عزم انقلاب ورکرز کنونشن سے مرکزی رہنما منہاج القرآن ویمن لیگ عائشہ شبیر اور کوآرڈینیٹر MSM شبیر احمد دیو نے بھی خطاب کیا۔ پرو گرام کے آخر پر سال بھر میں بہترین کارکردگی پر یونین کونسل کی تنظیمات اور کارکنان میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔

تبصرہ

Top