دولتالہ : سیاست نہیں ریاست بچاؤ کنونشن

یکم جنوری 2013 کو دولتالہ میں سیاست نہیں ریاست بچاؤ کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں خصوصی شرکت امیر تحریک پنجاب خواجہ احمد نواز انجم نے کی۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر تحریک منہاج القرآن پنجاب احمد نواز انجم نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر لاکھوں افراد کے سمندر نے پاکستان میں حقیقی تبدیلی کی جدوجہد کا پرامن آغاز کر دیا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری اس نظام کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے 14 جنوری کو عوامی مارچ کریں گے، ان شاء اللہ تعالیٰ اس دن مصطفوی انقلاب کی بنیاد رکھ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی کرپٹ اور فرسودہ نظام انتخاب میں حصہ لینے سے نہیں، بلکہ اس سے ٹکرانے سے آئے گی۔ اصلاحات اور کڑے احتساب کے بغیر الیکشن قوم کے ساتھ فراڈ اور مذاق ہونگے۔ موجودہ کرپٹ انتخابی نظام کے ذریعے پانچ فیصد اجارہ دار پچانوے فیصد عوام کو یرغمال بنائے ہوئے ہیں۔ بڑے بڑے سرمایہ دار، وڈیرے، جاگیردار اور سیاسی اجارہ دار موجودہ نظام انتخاب کو ایک ٹول کے طور پر استعمال کر کے پانچ سال کیلئے عیاشی کا پرمٹ حاصل کرتے ہیں۔ جس کو جمہوریت کا نام دے دیتے ہیں۔ جمہوریت صرف انتخابات کا نام نہیں، بلکہ انتخابات جمہوریت کا ایک جزو کا درجہ رکھتے ہیں۔ موجودہ نظام انتخابات میں انقلابی اصلاحات کئے بغیر آنیوالے الیکشن قوم کے ساتھ ایک فراڈ اور دھوکہ ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ قوم حقیقی تبدیلی کے لئے موجودہ نظام انتخابات کو مسترد کر دے۔ قوم ملک میں کرپٹ، فرسودہ، اجارہ دارانہ، جاگیردارانہ اور فراڈ نظام کے خاتمے کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دے اور 14 جنوری کو عوامی مارچ میں جوق در جوق شرکت کر کے اس کرپٹ نظام کے خلاف نفرت کا اظہار کریں۔

اس موقع پر چوہدری محمد جمیل امیر منہاج القرآن ایشین کونسل، راجہ ساجد محمود، انار خان گوندل، منیر حسین قادری، قاضی احسان غفور نے بھی خطاب کیا۔ اس کے علاوہ تحریک منہاج القرآن کے عہدیداران اور رفقاء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تبصرہ

Top