جنوبی افریقہ: منہاج القرآن انٹرنیشنل کی ہمسکرال میں جشن میلاد مصطفیٰ (ص) کانفرنس

ہمسکرال: منہاج القرآن انٹرنیشنل جنوبی افریقہ کے زیرِاہتمام ہمسکرال میں جشن میلاد مصطفیٰ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت منہاج القرآن انٹرنیشنل پریٹوریا کے کنوینر شیر افضل اعوان نے کی، جبکہ پاکستان عوامی تحریک جنوبی افریقہ کے صدر جاوید اقبال اعوان مہمانِ خصوصی تھے۔

محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت حافظ محمد بلال نے حاصل کی، رانا آصف اور سید زبیر گیلانی نے بارگاہِ رسالتمآب صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ نقابت کے فرائض عمر بلال نے انجام دیے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل جنوبی افریقہ کے امیر علامہ شوکت مصطفوی نے میلاد مصطفیٰ صلیٰ اللہ علیہ وآلہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذکرِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اَزل تا اَبد جاری و ساری ہے۔ اﷲ رب العزت نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا چرچا آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو وجود میں لانے سے بھی بہت پہلے کر دیا تھا۔ عرشِ بریں پر اپنے نام کے ساتھ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام رقم کیا۔ جنت کے پتے پتے پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا اِسم گرامی جلوہ گر رہا۔ فرشتے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نام جپتے رہے۔ آج اگر اُمتِ مسلمہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت کے واقعات کو تصور و تخیل میں لا کر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی میں محافل کا اِنعقاد کرتی ہے تو یہ اُسی نوری سلسلہ کی ایک کڑی ہے جو اَزل تا اَبد جاری رہے گا۔ یہ محبوب و پسندیدہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے میلاد کی خوشی میں ضیافت کرنا، صدقہ و خیرات کرنا، روشنیوں کا اِہتمام کرنا، قمقمے روشن کرنا، مشعل بردار جلوس نکالنا اور دل کھول کر خرچ کرنا بارگاہِ اِلٰہی میں مقبول اور اُس کی رضا کا باعث ہے۔ اُمتی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت پر خوش ہوں گے تو اﷲ تعالیٰ اُن سے خوش ہوگا۔

محفل کا اختتام پر شیر افضل اعوان اور جاوید اقبال اعوان نے کارکنان کی مشاورت سے منہاج القرآن ہمسکرال کی تنظیم سازی کی جس میں ملک شوکت اعوان کو کنوینر اور محمد فاضل کو ڈپٹی کنوینر کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔

تبصرہ

Top