جنوبی افریقہ: جوہانسبرگ میں ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے اعزاز میں استقبالیہ

چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل؛ ڈاکٹرحسن محی الدین قادری کے جنوبی افریقہ کے تنظیمی دورے کے دوران جوہانسبرگ پہنچے جہاں اولیور تامبو ہوائی اڈے (O. R. Tambo International Airport) منہاج القرآن انٹرنیشنل ساؤتھ افریقہ کے کارکنان نے ان کا شاندار استقبال کیا اور پرٹیوریا لذیزہ ریسٹورنٹ میں ان کے اعزاز میں استقبالیہ کی تقریب منعقد کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا جس کی سعادت قاری شوکت علی نے حاصل کی۔ منہاج القرآن یوتھ لیگ کے رہنما بلال جاوید نے شرکاء کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کا تعارف پیش کیا۔

استقبالیہ تقریب میں ساؤتھ افریقہ میں ہائی کمشنر آف اسلامی جمہوریہ پاکستان نجم الثاقب نے خصوصی شرکت کی اور پروگرام میں آمد پر ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا استقبال کیا۔ تقریب میں صدر پاکستان ایسوسی ایشن ساؤتھ افریقہ راجہ فخر حیات، صدر پریٹوریا سیکٹر ناصرخاں، بزنس کمیونٹی، ڈاکٹرز، پروفیسرز سمیت منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک ساؤتھ افریقہ کے قائدین اور کارکنان نے شرکت کی۔

چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے اپنے خصوصی خطاب میں علم کی اہمیت اور منہاج القرآن کی امن عالم کےلئے عالمگیر خدمات سے حاضرین کو آگاہ کیا اور دہشت گردی کے خلاف ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی گرانقدر اور بے مثال عملی خدمات پر روشنی ڈالی، اس موقع پر انہوں نے ساؤتھ افریقہ میں ہائی کمشنر پاکستان جناب نجم الثاقب کو شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کا مبسوط تاریخی فتویٰ ’’دہشت گردی اور فتنہء خوارج‘‘ بطورگفٹ پیش کیا۔

پاکستانی ہائی کمشنر نجم الثاقب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری دُنیا کی وہ عظیم ہستی ہیں جو میرے اور آپ کے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیﷺ کے ساتھ محبت کے پیغام اور دُنیا بھر میں اسلام کے حقیقی تشخص کو عملی صورت میں دُنیا کے کونے کونے میں پیش کررہے ہیں۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری اور آپ احباب بہت خوش قسمت ہیں کہ ان کے اس عظیم مشن کو دنیا بھر میں پہنچانے کیلئے ان کا دست و بازو بنے ہوئے ہیں۔ نجم الثاقب نے طویل سفر کے بعد پروگرام میں شرکت اور ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کے مدلل و پرجوش خطاب کو بھی سراہا۔

پروگرام میں شیخ الحدیث علامہ معراج الاسلام (رح) کے ایصال ثواب کےلئے خصوصی دُعا اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

پروگرام کے اختتام پر چیئرمین سپریم کونسل نے مقامی میڈیا سےپریس کانفرنس میں گفتگو کی۔

تبصرہ

Top