منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا سپین میں ماہانہ گیارہویں شریف اور دستار بندی کی تقریب

منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا سپین میں مورخہ 21 نومبر 2010ء بروز اتوار کو ماہانہ محفل گیارہویں شریف منعقد ہوئی جس میں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں قرآن پاک حفظ کرنے والے طالبعلم حافظ محمد عاکف احتشام کی دستار بندی کی گئی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن حکیم سے ہوا جس کی سعادت حافظ مسعود اختر نے حاصل کی، اس کے بعد سلسلہ نعت خوانی میں محسن صدیقی، عبدالواحد، حافظ عاطف احتشام، جاوید قادری، اسحاق کیانی اور معروف نعت خوان محمد قدیر احمد خان نے حصہ لیا۔ محفل میں نقابت کے فرائض حافظ محمد عابد نقشبندی نے سرانجام دیئے۔

شرکاء محفل سے خطاب کرتے ہوئے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے امیر علامہ عبدالرشید شریفی نے علم اور عمل کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہم سیکھیں ہمیں اس پر بھرپور طریقے سے عمل پیرا ہونے کی کوشش بھی کرنا چاہئے۔ تمام علوم کا مرکز و محور اللہ رب العزت کا کلام قرآن مجید ہے، حدیث مبارکہ میں ہے کہ جس نے قرآن مجید کو اپنے سینے میں محفوظ کر لیا اسے دوزخ کی آگ بھی نہیں چھو سکتی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حضور غوث پاک رضی اللہ تعالیٰ عنہ سمیت جتنے بھی اولیاء ہوئے ہیں ان سب کی تعلیم کا آغاز قرآن کریم سے ہی ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غوث الاعظم شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ قرآن کریم پر اتنی دسترس اور علم رکھتے تھے کہ ایک مرتبہ آپ نے کلام پاک کی آیات کی 40 مختلف تفاسیر و تاویلات بیان فرمائیں اور فرمایا کہ میں  40 مزید بھی بتا سکتا ہوں تاہم وہ آپ لوگوں کی سمجھ سے باہر ہیں۔

علامہ عبدالرشید شریفی کے خطاب کے بعد درود و سلام اور تکبیر و رسالت کے نعروں کی گونج میں حافظ عاطف احتشام کی دستار بندی کی گئی جس میں صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین مرزا محمد اکرم بیگ نے حافظ عاطف احتشام کو سند حفظ قرآن دی، اس موقع پر منہاج القرآن سپین کے عہدیداران، حاضرین محفل اور منہاج یوتھ لیگ سپین نے حافظ عاطف احتشام، ان کے استاد حافظ عبدالرزاق اور ان کے والد محترم کو مبارکباد دی۔

منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری نے تمام حاضرین سے اپیل کی کہ وہ بھی حافظ عاطف احتشام کی مثال کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے بچوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کے زیور سے بھی آراستہ کریں کیونکہ ہماری بقاء اسی میں ہے۔ انہوں نے کہ بارسلونا سپین کے تمام نوجوانوں کے لئے حافظ عاطف احتشام ایک تابندہ مثال کی حیثیت رکھتے ہیں جنہوں نے اپنی سکول کی تعلیم اور کام (جاب) کے ساتھ ساتھ قرآن کریم کو حفظ کیا۔ محفل کے اختتام پر لنگر تقسیم کیا گیا جس کا انتظام حاجی محمد نذیر اداسی نے اپنے رفقاء کی معاونت سے کیا۔

رپورٹ: محمد عتیق قادری

تبصرہ

Top