منہاج یوتھ لیگ سپین کے زیراہتمام تربیتی نشست بعنوان معاشرے میں مسلم نوجوانوں کا کردار

منہاج القرآن یوتھ لیگ سپین کے زیراہتمام مورخہ 4 دسمبر 2010ء کو منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں تربیتی نشست بعنوان "معاشرے میں مسلم نوجوانوں کا کردار" کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی امیر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین علامہ عبدالرشید شریفی تھے۔ نشست کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد صہیب نے تلاوت کلام مجید سے کیا جس کے بعد منہاج نعت کونسل کے سیکرٹری حافظ عاطف احتشام نے خوبصورت انداز میں آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے امیر علامہ عبدالرشید شریفی نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک مسلمان فرد کا تعلق پہلے اللہ کریم سے ہوتا ہے اس کے بعد اپنی ذات سے اور پھر معاشرے سے جس میں وہ رہتا ہے۔ کردار رہن سہن، بول چال اور کھانے پینے کا نام ہے۔ ایک مسلمان نوجوان کا معیار معاشرے کے عام نوجوان سے بلند ہے اس لیے اس کا کردار اعلیٰ اور مثالی ہونا چاہیئے۔ ہم جس معاشرے میں رہ رہے ہیں یہ نہ کوئی اسلامی معاشرہ ہے نہ مذہب بلکہ یہ ایک آزاد معاشرہ ہے۔ دوسرے نوجوانوں کی اصلاح کے لئے ان کی نفسیات اور چال چلن سے واقف ہونا بے حد ضروری ہے اور ان کی اصلاح سے پہلے اپنے کردارکو نکھارنا اور پنی اصلاح کرنا لازمی ہے جس کے لئے منہاج القرآن کے سنٹرز موجود ہیں۔ ایک مسلمان نوجوان کو ہمیشہ دینی یا دنیاوی دونوں قسم کی تعلیم کی دولت سے لبریز ہونا چاہیئے۔ ہم جس معاشرے میں رہتے ہیں ہمیں چاہیے کہ وہاں کی ایجوکیشن پر عبور حاصل کرنا چاہیئے۔

تقریب کے اختتام پر منہاج القرآن یوتھ لیگ کے نوجوانوں نے اسلامی تعلیمات اور مشن کے بارے میں سوالات کئے جن کا علامہ عبدالرشیدشریفی نے تسلی بخش جواب دیا۔

رپورٹ : محمد عتیق قادری

تبصرہ

Top