منہاج یوتھ لیگ سپین کے زیراہتمام محفل میلاد کا انعقاد

منہاج یوتھ لیگ سپین کے زیراہتمام مورخہ 12 فروری 2011ء بروز ہفتہ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظیم الشان محفل منعقد ہوئی جس میں بارسلونا کے نوجوانوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

محفل کا باقاعدہ آغاز حافظ محمد عمران نے تلاوت کلام پاک سے کیا جس کے بعد منہاج نعت کونسل اور دیگر نعت خواں حضرات نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے امیر علامہ عبدالرشید شریفی نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت کا بے حد احسان ہے کہ اس نے ہمیں اپنے پیارے حبیب کی امت میں پیدا فرمایا۔ اللہ رب العزت کے پیارے محبوب کی ولادت کا دن ہمارے لئے بے حد خوشی اور مسرت کا دن ہے اس پر جتنی بھی خوشی منائی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کے لئے نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی بہترین اور کامل نمونہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنی جوانی کا زمانہ مکہ میں گزارا۔ کافر معاشرے کے درمیان اور کافر بھی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو صادق اور امین کے لقب سے پکارتے تھے کیونکہ تاجدار کائنات کی سیرت و کردار ہی بے مثل تھا۔

پروگرام کے اختتام پر منہاج یوتھ لیگ نے تمام حاضرین کو آقائے دو جہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت کی مبارکباد دی اور مٹھائی تقسیم کی گئی۔

رپورٹ : محمد عتیق قادری

تبصرہ

Top