مختلف شعبہ ہائے زندگی کے معززین کا منہاج القرآن بارسلونا سپین کی سپانش کلاس میں لیکچر

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین (بارسلونا) کے زیر انتظام مئی، جون اورجولائی 2011ء میں جاری رہنے والی سپانش زبان کی کلاس میں نوید احمد اندلسی( کلاس ٹیچر) کی خصوصی دعوت پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معززین کو کلاس میں لیکچر کی دعوت دی گئی، ان معززین میں محمد اقبال چودھری(صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین)، راجہ شعیب ستی(معروف سماجی راہنماء)، محمد افضل جاوید( انٹرنیشنل کوچ)، جاوید مغل(چیف ایڈیٹر ہم وطن)، شفقت علی رضا( چیف ایڈیٹر پاک نیوز)، محمد مہدی( سپانش نو مسلم) اور علامہ حافظ محمد اقبال اعظم( ڈائریکٹر منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ) شامل ہیں۔

سپین میں پاکستانی تنظیمات کے فیڈریشن کے سابقہ صدر اور معروف سماجی راہنماء راجہ شعیب ستی نے سپانش کلاس کے طلباء سے گفتگو میں کہا کہ انہیں بہت خوشی ہوئی ہے کہ وہ علم سیکھنے کے خواہش مند لوگوں کے درمیان گفتگو کر رہے ہیں، انہوں نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بارسلونا، سپین اور دنیا بھر میں منہاج القرآن انٹرنیشنل جتنا کام کر رہی ہے وہ کسی تعارف کا محتاج نہیں، انہوں نے کہا کہ وہ خود اس وقت جتنی سماجی خدمات سرانجام دے رہے ہیں وہ تحریک منہاج القرآن سپین کے سرپرست محمد نواز کیانی کا ہی سکھایا ہوا ہے۔ انہوں نے طلباء کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ سپانش سیکھیں اور اس کے بعد اس کو نہ صرف اپنے کام کاج کے لئے استعمال کریں بلکہ اس کے ذریعے اپنے ملک کا اچھا سفیر بھی بنیں، انہوں نے تمام طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ سپانش لوگوں کے ساتھ اور بالخصوص اپنے ہمسائیوں کے ساتھ اچھے انداز سے پیش آئیں اورانہیں اپنے ملک اور دین کے بارے میں بھی بتائیں۔

بارسلونا سپین سے شائع ہونے والے اردو کے سب سے پہلے اخبار ہم وطن کے چیف ایڈیٹر جاوید مغل نے سپانش کلاس میں اپنے لیکچر میں طلبہ کو شعبہ صحافت کا تعارف کرایا، میڈیا کے مثبت کردار پر روشنی ڈالی اور اپنے صحافتی کیریئر کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ حدیث مبارکہ میں مسلمانوں کو علم حاصل کرنے کی تلقین ہے اورزبان بھی ایک طرح کا علم ہی ہے اس لئے تمام پاکستانیوں کو چاہیئے کہ وہ مقامی زبان پر عبور حاصل کریں۔ انہوں نے اسلام میں حقوق العباد کی اہمیت پر بھی سیر حاصل گفتگو کی۔ اختتام پر انہوں نے شعبہ صحافت اور صحافیوں کے کردار کے حوالہ سے طلبہ کی طرف سے کئے جانے والے مختلف سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے بانی راہنماء اور منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چودھری نے کلاس میں اپنے لیکچر میں طلبہ کو سپانش زبان سیکھنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ کسی بھی ملک میں رہنے کی نیت سے جانے کے بعد سب سے بنیادی چیز اس ملک کی زبان پر عبور حاصل کرنا ہے، کیونکہ یہی وہ ذریعہ ہے جس کی مدد سے آپ اپنے خیالات دوسروں تک پہنچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ سپین آئے تھے تو اس وقت سپانش سیکھنے کے لئے کوئی ایسی جگہ موجود نہیں تھی جس طرح آج آپ کی یہ کلاس ہے۔ آپ لوگ خوش قسمت ہیں جن کے واسطے منہاج القرآن انٹرنیشنل نے سپانش سکھانے کے لئے ا س کلاس کا انتظام کیا ہے، کسی بھی ملک کی زبان سیکھنے کا مقصد صرف کام کاج کی تلاش نہیں ہونا چاہیئے بلکہ اس کے ذریعے دین مبین کی اشاعت کا کام بھی کرنا چاہیئے تاکہ یہ مقامی لوگوں کے لئے ہدایت ونجات کا باعث بنے۔ کلاس کے طلباء نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین اور مقامی قوانین کے بارے میں مختلف سوالات کئے جن کے تفصیلی جواب دیئے گئے۔

سال 2006 میں منہاج القرآن بارسلونا میں قبول اسلام کرنے والے محمد مہدی نے سپانش کلاس میں اپنی گفتگو میں نوید احمد اندلسی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تمام طلباء کو سپانش سیکھنے میں مدد کی۔ سپانش سیکھ کر ہی ہم غیر مسلموں تک اسلام کا پیغام پہنچا سکتے ہیں۔ طلباء کی طرف سے کئے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ قبول اسلام کے بعد اپنے آپ کو بہت خوش قسمت انسان سمجھتے ہیں۔ مشہور آن لائن اردو اخبار پاک نیوز کے چیف ایڈیٹر شفقت علی رضا نے طلباء سے اپنی گفتگو میں سب کو سپانش سیکھنے پر مبارکباد دی اورکہا کہ آپ لوگ خوش قسمت ہیں جنہیں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی طرف سے سپانش زبان سیکھنے کا موقع مل رہا ہے اورا س سے بھی زیادہ اہمیت کی بات یہ ہے کہ یہاں ساری تعلیم اردو زبان میں دی جاتی ہے اور میری معلومات کے مطابق سپین میں ایسا کوئی سکول یا ادارہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو مقامی زبان نہیں آتی تو اس کو کئی جگہوں پر جانے کے لئے سہارا تلاش کرنا پڑتا ہے اور جب انسان زبان سیکھ لیتا ہے تو وہ خود کسی کا سہارا بننے کے قابل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی اس کلاس کے طالب علم رہ چکے ہیں لیکن تلاش روزگار کی وجہ سے کلاس مکمل نہ کر سکے۔

منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن یورپ کے ڈائریکٹر علامہ محمد اقبال اعظم نے کلاس میں گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے اتنے آسان انداز میں سپانش سکھانے پر کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی کو مبارکباد پیش کی اور اس کو صدقہ جاریہ قرار دیا، انہوں نے آغوش پراجیکٹ پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے منہاج القرآن اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے متعلق طلباء کے سوالات کے جواب بھی دیئے۔مختلف سپورٹس گیموں کے انٹرنیشنل کوچ اورسپانش کلاس کے طالبعلم محمد افضل جاوید نے اپنے تمام ہم جماعت طلبہ سے گفتگو میں اپنے کیریئر کی تفصیلات بتائیں اور سب کو تلقین کی کہ بارسلونا میں سپانش زبان سیکھنے کا آسان ترین ذریعہ ملنا ہمارے لئے خوش قسمتی کی بات ہے لہذا ہمیں اس کی قدر کرتے ہوئے اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیئے، سپانش زبان پر عبور حاصل کرنے کے بعد ہمیں اپنے وطن کا نام روشن کرنا چاہیئے اور اپنے دین کا سفیر بننا چاہیئے۔یاد رہے کہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر انتظام سپانش کلاس گذشتہ دو سال سے جاری ہے، ہر تین ماہ بعد قرعہ اندازی کے ذریعے 25 طلباء کا داخلہ کیا جاتا ہے اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سیکرٹری جنرل نوید احمد اندلسی اس کلاس میں اپنی تدریسی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کلاس میں طلباء کو سپانش زبان انتہائی آسان انداز اور اردو زبان کے ذریعے سکھائی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ اس کلاس سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ خود سپانش سکھا رہے ہیں۔

رپورٹ:نوید احمد اندلسی

تبصرہ

Top