منہاج القرآن یوتھ لیگ سپین کے زیراہتمام تربیتی نشست کا اہتمام

منہاج یوتھ لیگ سپین کے زیراہتمام مورخہ 03 دسمبر 2011ء بروز ہفتہ بعد نماز عشاء منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں نوجوانوں کے لئے خصوصی تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں منہاج یوتھ لیگ سپین کے ایگزیکٹو ممبران اور ان کی دعوت پر بارسلونا بھر سے 16 سے 30 سال کی عمر کے پاکستانی نوجوانوں نے شرکت کی۔ نشست میں شاگرد رشید شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری علامہ صفدر مجید قادری (امیر منہاج القرآن لو گرونیو) نے خصوصی خطاب کیا اور نوجوانوں کے سوالات کے جوابات دیئے۔

تربیتی نشست کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت منہاج یوتھ لیگ بادالونا کے حافظ جبران اعظم کیانی نے حاصل کی، منہاج یوتھ لیگ بارسلونا کے حافظ محمد عاطف نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور منقبت امام حسین رضی اللہ عنہ پیش کی جبکہ نقابت کے فرائض منہاج یوتھ لیگ بارسلونا کے حافظ محمد عمران نے سرانجام دیئے۔

نشست کے مہمان خصوصی علامہ صفدر مجید قادری نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو قرآن و حدیث کی روشنی میں زندگی گزارنے کا طریقہ بتایا۔ انہوں نے نوجوانوں کو حسینی کردار اپنانے اور پاکیزہ زندگی گزارنے کی تلقین کی تاکہ ہمارا کردار از خود تبلیغ اسلام کا ذریعہ بن جائے۔ انہوں نے اپنے زمانہ طالب علمی کے دوران شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کے ساتھ یادگار لمحات کا بھی ذکر کیا۔ منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر احسن جاوید خان نے تمام نوجوانوں اور علامہ صفدر مجید قادری کا شکریہ ادا کیا۔ تربیتی نشست کا اختتام خصوصی دعا سے کیا گیا۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

Top