منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش کلاس کے طلبہ کی الوداعی پارٹی

منہاج اسلامک سنٹربارسلونا میں 2 جنوری 2012ء سے 11 اپریل 2012ء تک جاری رہنے والی سپانش کلاس کے طلبہ کے اعزاز میں مورخہ 12 اپریل 2012ء بروز جمعرات الوداعی پارٹی کا اہتمام کیاگیا جس میں کلاس کے فارغ التحصیل طلباء، ٹیچر نوید احمد اندلسی، کلاس کے سابق طالبعلم محمد زاہد، رضوان بیگ، پاک نیوز کے چیف ایڈیٹرشفقت علی رضا، ڈیل دوست کے چیف ایڈیٹر ڈاکٹر قمر احسان، منہاج القرآن سپین کے سیکرٹری ویلفیئرمحمد اکرم اعوان، فنانس سیکرٹری محمد نواز قادری اور حاجی محمد افضل نے شرکت کی۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت محمد نواز قادری نے حاصل کی۔ نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بعد تمام طلباء نے فرداً فرداً سہ ماہی کلاس کے بارے میں اپنی آراء و تبصرہ جات دیئے جس میں انہوں نے بتایا کہ اس کلاس میں ان کو بہت اچھے انداز سے سپانش سیکھنے کا موقع ملا۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ یہاں سپانش زبان کو اردو زبان میں سیکھایا جاتا ہے، ہمیں کلاس میں نہ صرف سپانش سیکھنے کا موقع ملا ہے بلکہ جنرل نالج میں بھی بہت اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ منہاج القرآن اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے بارے میں بھی بہت سے معلومات ملی ہیں۔ طلباء نے کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی اور منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے فائدے کے لئے سپانش زبان کو اردو میں سکھانے کا موقع فراہم کیا۔ کلاس کے متعدد طلباء نے اس بات کا اظہار کیا کہ اس سے پہلے بھی وہ مختلف سکولوں میں سپانش سیکھنے کی غرض سے جا چکے ہیں لیکن چونکہ وہاں کلاس ٹیچر سپانش زبان بولتے ہیں اس لئے سمجھ ہی نہیں آتی اور تین ماہ بعد محض حاضری کا سرٹیفکیٹ دے کر فارغ کر دیا جاتا ہے۔ طلباء کی آراء میں یہ بات بھی سننے کو ملی کہ وہ منہاج القرآن کے بارے میں بہت زیادہ منفی پراپیگنڈہ کا شکار تھے لیکن یہاں آکر درست معلومات ملیں اور غلط فہمیوں کا ازالہ ہوا۔

محمد نواز قادری(ناظم مالیات منہاج القرآن سپین) اور محمد اکرم اعوان( سیکرٹری ویلفیئر منہاج القرآن سپین) نے اپنی گفتگو میں کلاس مکمل کرنے والے تمام طلبہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے طلباء کو منفی پراپیگنڈے سے بچنے کے طریقے بتائے۔ انہوں نے بتایا کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ کسی آدمی کے جھوٹا ہونے کے لئے اتنا کافی ہے کہ وہ سنی سنائی بات کو بغیر تحقیق کے آگے پہنچا دے، لہذا جب بھی کسی بارے میں کوئی بات سنیں تو آگے پھیلانے کی بجائے اس کی تحقیق کی کوشش کرنی چاہیئے۔ شفقت علی رضا( چیف ایڈیٹرپاک نیوز) اور ڈاکٹر قمر احسن( چیف ایڈیٹرڈیلی دوست) نے طلباء کے نام اپنے پیغام میں سپانش زبان سیکھنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی، انہوں نے بارسلونا کی پاکستانی کمیونٹی میں زبان نہ آنے کی وجہ سے ہونے والے بعض نقصانات کاذکر بھی کیا۔ انہوں نے طلباء کو نصیحت کی کہ وہ بطور مسلمان ہمیشہ اچھے کردار کا مظاہرہ کریں۔

کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی نے اپنی گفتگو میں کلاس مکمل کرنے والے تمام طلبہ کومبارکباد دی اور تلقین کی کہ جتنی زبان سیکھی ہے اس کو کافی نہ سمجھیں بلکہ وہ سپانش زبان کے لیول کو مزید بہتر کرنے کے لئے اگلے لیولز میں داخلہ لیں اور سپانش کو اپنے کام کاج میں استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ ترویج اسلام کا ذریعہ بھی بنائیں۔ نوید احمد اندلسی نے طلباء سے کہا کہ وہ کلاس میں ملنے والی معلومات کو اپنے دوستوں تک بھی پہنچائیں۔ تحریک منہاج القرآن کا مطالعہ کریں اور اس بارے میں کسی غلط فہمی کی صورت میں فوری رابطہ کریں۔ الوداعی تقریب کے آخری حصہ میں تمام طلبہ میں منہاج سی ڈی سنٹر فیصل آباد کی طرف سے جاری کردہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی زندگی پر لکھا گیا کتابچہ (مجدد رواں صدی) بھی تقسیم کیا گیا۔ اختتامی دعا کے ساتھ الواعی تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

Top