منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ماہانہ گیارہویں شریف اور دستار بندی کی تقریب
منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام مورخہ 31مئی 2012 کو منہاج اسلامک سنٹر بارسلونامیں ماہانہ گیارہویں شریف کی محفل منعقد ہوئی جس میں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں قرآن پاک حفظ کرنے والے طالب علم حافظ محمد معراج کی دستار بندی کی گئی۔ محفل میں حافظ محمد معراج کی فیملی کے افراد اور بارسلونا بھر سے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
محفل کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت امام مسجد حافظ عبدالرزاق نے حاصل کی اس کے بعد نعت خوانوں نے آقائے دوجہاں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ حافظ محمد عابد نقشبندی نے اپنے خطاب میں قرآن وحدیث کی روشنی میں اولیاء اللہ کی شان بیان کرتے ہوئے شرکاء محفل کو تلقین کی کہ وہ اپنی دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے اسلاف امت سے راہنمائی لیں۔ اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے دورہ انڈیا کے ویڈیو کلپ بھی دکھائے گئے۔
محفل کے اگلے مرحلے میں تکبیر ورسالت کے نعروں اور درود وسلام کی گونج میں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے طالب علم حافظ محمد معراج کی دستار بندی کی گئی۔ صدر مجلس شوریٰ حاجی ارشد محمود نے محمد معراج کو سند حفظ قرآن او ر منہاج القرآن اوسپتالیت کے صدر حاجی زاہد محمود نے اعزازی شلیڈ پیش کی۔ اس موقع پر انٹرنیشنل سپین کے عہدیداران اور حاضرین محفل نے حافظ محمد معراج، ان کے استاد حافظ محمد عابد نقشبندی اور ان کے والد محترم ارشد محمود کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔محفل کے اختتام پر شرکاء محفل میں لنگر تقسیم کیا گیا جس کا انتظام حاجی محمد افضل قادری نے اپنے رفقاء کی معاونت سے کیا۔
رپورٹ:نوید احمد اندلسی
تبصرہ