گستاخانہ فلم کے خلاف منہاج القرآن انٹرنیشنل بارسلونا (سپین) میں پرامن احتجاجی مظاہرہ

منہاج القرآن انٹرنیشنل (بارسلونا، سپین) کے زیر اہتمام مورخہ 21 ستمبر 2012ء کو امریکہ میں بننے والی گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ہزاروں پاکستانیوں کے علاوہ دیگر ممالک کے مسلمانوں نے بھی شرکت کی۔

احتجاج کے دوران بچے، بوڑھے، جوان اور خواتین کی کثیر تعداد شامل تھی۔ مظاہرہ کے حصول کے لئے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے علاوہ پاکستانی فیڈریشن سپین، فیضان مدینہ (دعوت اسلامی)، القائم اسلامک سنٹربارسلونا، امن کی تمنا ایسوسی ایشن اور مسلم سوسائٹی بارسلونا نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ دیگر مذہبی، سماجی اور سیاسی تنظیمات کے عہدیداران و کارکنان نے بھی مظاہرہ میں بھر پور شرکت کی جن میں لارڈ ایم کے پاشا (صدر پاشا فاؤنڈیشن، ہالینڈ)، حافظ طاہر محمود اشرفی (چیئرمین پاکستان علما ء کونسل)، زاہد قاسمی (عالم دین) اور چودھری شفاعت حسین (راہنماء پاکستان مسلم لیگ ق) شامل تھے۔

احتجاجی مظاہرہ میں پاکستانی مسیحی کمیونٹی کی نمائندہ شخصیات نے بھی شرکت کی جن میں جاوید اقبال گل، راجوالیگزینڈرز، ممتاز منیرسہوترہ، جوزفین کرسٹینا اور دیگر شامل ہیں۔ مسیحی کمیونٹی کے راہنماؤں نے اپنے پوسٹرز اور مقامی میڈیاکو انٹرویو دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دنیا بھر کے تمام مذاہب اور ان کی عظیم شخصیات کا احترام کیا جائے۔ احتجاجی مظاہر میں شرکت کے لئے بارسلونا اور گرد و نواح سے عاشقان مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وقت سے پہلے ہی پہنچنا شروع ہوگئے۔ شرکاء میں انگریزی، اردو، سپانش اور کاتالان زبان میں احتجاجی تحاریر پر مبنی پوسٹرز تقسیم کئے گئے، جن میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی طرف سے شائع کردہ ( دل کے اوپر اسم محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا پوسٹر سب سے زیادہ تقسیم کیا گیا۔ بارسلونا کے نعت خوانوں نے سرور دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں عقید ت کے پھول نچھاور کر کے اپنی محبت کا ثبوت دیا جس کے بعد نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے اذان دی گئی۔ علامہ عبدالرشید شریفی نے ہزاروں مرد وخواتین سے خطاب کرتے ہوئے عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور عظمت رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موضوع پر گفتگو کی جس کاخلاصہ بعد ازاں منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چودھری نے سپانش و کاتالان زبان میں پیش کیا۔

نماز جمعہ کے بعد چودھری محمد افضال نے اردوزبان میں جبکہ علی عباس (رامون) نے سپانش و کاتالان زبان میں احتجاجی مراسلے مظاہرین اور وہاں موجود میڈیا کے سامنے پڑھ کر سنائے جس میں گستاخانہ فلم کی مذمت کرتے ہوئے اس کو عالمی امن تباہ کرنے کی سازش قراردیا گیا، اقوام متحدہ، OIC اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے عالم سطح پر قانون سازی کریں۔ ڈاکٹر ہما جمشید نے بھی گستاخانہ فلم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ پرامن احتجاجی مظاہرہ کے دوران محمد اقبال چودھری (صدر منہاج مصالحتی کونسل) مائیک پر سپانش، اردو اور کاتالان زبان میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی عظمت بیان کرتے رہے اور شرکاء کو پر امن رہنے کی تلقین کرتے رہے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے اختتامی دعا کرائی۔

احتجاجی مظاہر ہ کے شرکاء کو سیکورٹی فراہم کرنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے مقامی انتظامیہ کی طرف سے کاتالان پولیس اور میونسپل پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ گستاخانہ فلم کے خلاف یہ احتجاج مکمل طور پر پرامن طریقے سے تکمیل پذیر ہوا۔ مظاہرہ کی آرگنائزر تنظیمات کی طرف سے منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوان، پاک فیڈریشن کے صدر عبدالغفار مرہانہ، سیکرٹری جنرل طاہر رفیع، القائم اسلامک سنٹر کے اقبال گجر، چودھری مظہر وڑائچانوالہ، راجہ مختار سونی، راجہ شعیب ستی، بابا ذوالفقار علی حشمت، راجہ اظہر احسان اور چودھری ثاقب طاہر بھی نگرانی، سیکورٹی اور انتظامی معاملات پر مامور تھے۔ القائم اسلامک سنٹر (اہل تشیع) کے خادم اقبال گجرکی طرف سے شرکاء میں پانی تقسیم کیا جاتا رہا۔احتجاجی مظاہرہ کی تصویری، تحریری اور ویڈیو کوریج کے لئے بارسلونا کے پاکستانی صحافیوں کے ساتھ ساتھ (سپانش و کاتالان)، اخبارات وٹیلی ویثرن کے نمائندگان بھی کثیر تعداد میں موجود تھے جن میں رضوان کاظمی (روزنامہ پاک نیوز)، ڈاکٹر قمر احسان (روزنامہ ڈیلی دوست)، حافظ عبدالرزاق (روزنامہ ڈیلی میزبان)، کاشف شہزاد (سہارا انٹرنیشنل)، مرزا ندیم بیگ (بی بی سی اپڈیٹ)، ظفر الیاس قریشی (کشمیر کی آواز)، ارشد نذیر ساحل (پندرہ روزہ ہم وطن) اور دیگر شامل تھے جبکہ منہاج القرآن یوتھ لیگ سپین کی طرف سے ذیشان علی قادری نے بھی احتجاج کی تصویری کوریج کی۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

Top