گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف منہاج القرآن انٹرنیشنل (سپین) عدالت سے رجو ع کرے گی: نوید احمد اندلسی

منہاج القرآن انٹرنیشنل (سپین) نے ہسپانوی میگزین (ایل خو اے بیس) کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف عدالتی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے، منہاج القرآن انٹرنیشنل (سپین) کے ناظم نوید احمد اندلسی کی طرف سے پریس کو جاری کئے گئے بیان کے مطابق سپین کے میگزین کی طرف سے گستاخانہ خاکوں (کارٹون) کی اشاعت سے سپین میں بسنے والے لاکھوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے جو کہ سپینش فوجداری قانون (پینل کوڈ) کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں مذکورہ میگزین کی انتظامیہ کو مسلمان کمیونٹی سے غیر مشروط معافی مانگنے کا نوٹس بھیجا جائے گا اور ان کی طرف سے مثبت جواب نہ آنے کی صورت میں ماہر وکلاء کے ذریعے عدالتی کارروائی کی جائے گی۔

اس سلسلہ میں مشاورت کے لئے گذشتہ روز منہاج اسلامک سنٹر بادالونا میں ایک اجلاس منعقدہوا جس میں بارسلونا، بادالونا اور اوسپتالیت کی پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے شرکت کی، اجلاس میں سپین کے میگزین کی طرف سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی شدید مذمت کی گئی۔اس موقع پر جملہ سیاسی وسماجی تنظیمات کے نمائندگان نے منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے مذکورہ میگزین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے فیصلہ کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ منہاج مصالحتی کونسل (سپین) کے صدر محمداقبال چودھری کے مطابق دنیا بھر میں جب لاکھوں مسلمان امریکہ میں بننے والی گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں تو ایسے میں ہسپانوی میگزین کی طرف سے ایسے خاکوں کی اشاعت ایک اشتعال انگیز حرکت ہے، انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مختلف ممالک کی عدالتیں اپنے فیصلوں کے ذریعے یہ ثابت کرچکی ہیں کہ آزادی اظہار کا حق لامحدود نہیں۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل (سپین) کے صدر مرزا محمد اکرم بیگ نے اپنے بیان میں کہا کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں کسی انسان کی عزت یا مذہبی جذبات کی پامالی کی اجازت دنیا بھر میں کہیں بھی نہیں ہے ،اس لئے MQI سپین نے امریکہ میں بننے والی توہین آمیز فلم اور مختلف یورپی ممالک کے رسائل وجرائد میں چھپنے والے گستاخانہ خاکوں کی شدید مذمت کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی وعدالتی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ توہین آمیز فلم اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف منہاج القرآن انٹرنیشنل کے تحت عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ریلی کے عنوان سے پاکستان بھر میں انتہائی پر امن ریلیوں کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں لاکھوں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ مسیحی، سکھ اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ تحریک منہاج القرآن کے بانی وسرپرست اعلیٰ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے گستاخانہ فلم کے خلاف حکومت پاکستان کی طرف سے عالمی عدالت انصاف میں رجوع کرنے کی صورت میں ڈیرھ ارب مسلمانوں کے وکیل کے طور پر مقدمہ لڑنے کی پیشکش بھی کی ہے۔اسی طرح منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان میں یکم اکتوبر 2012ء کو عظمت مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم قومی کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا ہے جس میں ملک بھی کی مذہبی، سیاسی، سماجی، صحافی، مزدور، طلبہ اور تاجر تنظیموں کے مرکزی راہنماء شرکت کریں گے۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

Top