منہاج اسلامک سنٹر (باسلونا، سپین) میں سپانش کلاس کامیابی سے جاری
منہاج القرآن انٹرنیشنل (سپین) کے زیر اہتمام سپانش کلاس کی نئی کلاس کا آغاز 22 اگست 2012ء کو ہوا، داخلے کے خواہش مند افراد کی کثیر تعداد کی وجہ سے داخلہ قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا۔ کلاس 22 نومبر تک جاری رہے گی جبکہ آئندہ کلاس 20 دسمبر 2012ء کو شروع ہوگی۔
مورخہ 22 اگست 2012ء کو شروع ہونے والی کلاس میں داخلے کے لئے رات 9 بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا لیکن مقررہ وقت سے قبل ہی منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا کے سامنے امیدوار جمع ہوچکے تھے۔ داخلے کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد نوید احمداندلسی (کلاس ٹیچر) نے داخلے کے لئے امیدواروں کو پروجیکٹر سکرین کے ذریعے کلاس میں داخلے کی شرائط اور قواعد وضوابط سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سپانش زبان اردو زبان کے ذریعے سکھائی جاتی ہے ۔ روزانہ حاضری لگائی جاتی ہے اور بغیر اطلاع کے چھٹی کرنے والے طالبعلم کا نام کلاس سے خارج کر دیا جاتا ہے اور سپانش سکھانے کے لئے سرکاری سطح پر منظور شدہ نصابی کتابیں استعمال کی جاتی ہیں۔
منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں جاری اس لینگوئج کورس کی انفرادیت یہ ہے کہ یہاں مکمل طور پر اردو زبان کے طرز پرسکھائی جاتی ہے۔ کلاس میں روزانہ جنرل نالج کے لئے بھی وقت مخصوص ہے جس میں طلباء کو اسلامی، تاریخی، سائنسی اور مقامی قوانین اور ثقافت کے بارے میں معلومات دی جاتی ہیں۔ گذشتہ دنوں کلاس میں بارسلونا میں پہلے پاکستانی وکیل فہیم ضیاء بھی آئے جنہوں نے طلباء کو تعلیم اور مقامی زبان کی اہمیت پر خصوصی لیکچر دیا۔
رپورٹ: نوید احمد اندلسی
تبصرہ