سپین : منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان کی کلاس کے طلباء کے اعزاز میں الوداعی پارٹی

مورخہ: 30 مارچ 2013ء

منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں 20 دسمبر 2012 سے 29مارچ 2013 تک جاری رہنے والی سپانش زبان کی کلاس کے طلباء کے اعزاز میں 30 مارچ 2013 کو شاندار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں فارغ التحصیل طلباء کے علاوہ محمد نواز کیانی (سرپرست منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین)، محمد اقبال چوہدری (صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین)، محمد عثمان قادری (طالب علم منہاج یونیورسٹی لاہور)، حاجی محمد افضل۔ محمد عمران قادری، راحیل اکرم (ایڈووکیٹ)۔ ڈاکٹر قمر احسان (چیف ایڈیٹر ڈیلی دوست) اور ارشد محمود مغل نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ تقریب میں فارغ التحصیل طلباء نے کلاس کے متعلق اپنی آراء دیں جبکہ کلاس ٹیچر نوید احمد اندلسی، مہمان خصوصی محمد اقبال چوہدری اور دیگر مہمانوں نے طلباء سے الوداعی گفتگو کی۔

فارغ التحصیل طلباء نے سہ ماہی کلاس کے متعلق اپنی آراء میں بتایا کہ انہیں منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں سپانش زبان سیکھنے کے ساتھ ساتھ دین اسلام اور دیگر دنیوی علوم کے بارے میں بھی مفید معلومات حاصل کرنے کا موقع ملا، طلباء نے بتایا کہ انہیں کلا س کا ڈسپلن بہت پسند آیااوریہاں جس آسان انداز میں اور انتہائی مختصر عرصہ میں ابتدائی سپانش زبان لکھنا، پڑھنا اور بولنا سکھائی گئی ایسا کسی اور جگہ ممکن نہ تھا، اس کلاس میں پڑھنے کی بدولت اب وہ مقامی دفاتر میں جانے کے لیے کسی کی مترجم کی خدمات کے محتاج نہیں رہے۔ طلباء نے بتایا کہ اس کلاس آنے کے باعث انہیں تحریک منہاج القرآن کے عالمگیر نیٹ ورک اور اس کی دعوتی، تدریسی اور فلاحی سرگرمیوں کے بارے بھی معلومات بھی حاصل ہوئیں۔بعض طلباء نے بتایا کہ وہ عرصہ دراز سے منہاج القرآن بارسلونا کی اس کلاس میں داخلہ لینے کے خواہش مند تھے لیکن قرعہ اندازی میں اُن کا نام نہ نکل سکا تاہم وہ ہر دفعہ داخلہ کے دن قسمت آزماتے رہے۔ طلباء نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کلاس میں گزارے گئے وقت کو کبھی بھول نہ پائیں گے۔

نوید احمد اندلسی (سیکرٹری جنرل منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین) نے اپنی گفتگو میں طلباء کو تلقین کی کہ وہ سپانش زبان کو اپنے کام کاج کے ساتھ ساتھ دین اسلام کی ترویج کے لیے بھی استعمال کریں اور سیکھنے کے عمل کو ہمیشہ جاری رکھیں، انہوں نے طلباء کو یہ تاکید بھی کی کہ وہ کلاس کے بعد بھی منہاج القرآن انٹرنیشنل سے بھی اپنی وابستگی قائم رکھیں۔ منہاج یونیورسٹی کے طالب علم محمد عثمان قادری، محمد افضل قادری، ڈاکٹر قمر احسان، محمد عمران قادری اور راحیل اکرم ایڈووکیٹ نے مقامی زبان سیکھنے کی اہمیت، دینی و دنیوی علوم حاصل کرنے کی اہمیت۔ دین اسلام کی ترویج بذریعہ حسن کردار و اخلاق اور وطن پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنا کردار اداء کرنے کے موضوعات پر گفتگو کی۔

تقریب کے مہمان خصوصی صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین محمد اقبال چوہدری نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کلاس مکمل کرنے پر انہیں خصوصی مبارک باد دی اور سیکھنے کے عمل کو جاری رکھنے کی تاکید کی۔ انہوں نے طلباء کو یہ تلقین بھی کی کہ وہ اپنی زندگیوں اور روز مرہ کے معاملات کو منظم کریں اور ہمیشہ مقامی قوانین کا احترام کرتے ہوئے اپنے وطن اور اپنے دین کے حقیقی سفیر ہونے کا حق اداء کریں۔ انہوں نے بتایا کہ منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں گزشتہ 4 سال سے خواتین کے لیے بھی ہسپانوی زبان سکھانے کا اہتمام کیا گیا ہے جو کہ پاکستانی خواتین کے لیے ایک بہت بڑی سہولت ہے کیونکہ باقی تمام جگہوں میں مخلوط کلاسز ہوتی ہیں۔

رپورٹ: نوید احمد اندلسی

تبصرہ

Top