منہاج القرآن اوسپتالیت (بارسلونا، سپین) کے زیر اہتمام سپین کی تاریخ کی سب سے بڑی محفل نعت کا انعقاد

مورخہ: 25 مئی 2013ء

25مئی 2013بروز ہفتہ منہاج القرآن، اوسپتالیت (بارسلونا، سپین) کے زیر اہتمام سپین کی تاریخ کی منفرد اور سب سے بڑی محفل نعت منعقد ہوئی جس کے لیے اوسپتالیت میں واقع وسیع و عریض ہال La Fargaکا انتخاب کیا گیا۔ محفل کے انتظامات کے لیے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے صدر محمد اکرم بیگ اور منہاج القرآن اوسپتالیت کے صدر حاجی زاہد اختر زاہدی کی زیر نگرانی مختلف انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جبکہ محفل کو کامیاب کرنے کے لیے تشہیری مہم میں منہاج یوتھ لیگ سپین کے صدر بلال یوسف قادری کی نگرانی میں نوجوانوں نے بھرپور کردار اداء کیا اس کے علاوہ Facebookپر بھی محفل کی خوب تشہیر کی گئی جس کی وجہ سے محفل میں بارسلونا شہر کے گردونواح کے ساتھ ساتھ سپین کے دور دراز کے شہروں میں رہنے والے پاکستانیوں نے بھی شرکت کی جن میں Valenciaاور Logroño سے قافلوں کی آمد شامل ہے۔ 25مئی کی صبح منہاج القرآن سپین کے قائدین نے محمد نواز کیانی کی قیادت میں بارسلونا کے پاکستانی صحافیوں کے ہمراہ بارسلونا انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پاکستان سے تشریف لانے والے نعت خوانان کو خوش آمدید کہا۔

ہال کھلنے سے قبل ہی منہاج القرآن اوسپتالیت کی انتظامی کمیٹیوں اور منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں نے ہال میں سٹیج کی تنصیب اور تزئین و آرائش مکمل کر لی جس کے بعد طے شدہ وقت کے مطابق 6بجے ہال کھول دیا گیا۔ اوسپتالیت شہر کے مختلف بس سٹاپ، میٹرو اور ٹرین کے سٹیشنوں سے La Fargaکی طرف سے جانے والے تمام راستے عاشقانِ مصطفی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی بڑی تعداد میں آمد کی وجہ سے انتہائی بارونق اور منفرد مناظر پیش کر رہے تھے اس موقع پر ہال کے داخلی دروازے پر خواتین و حضرات اور بچوں کی بڑی تعداد ہال کا دروازہ کھلنے کا بے تابی سے قطار بنائے ہوئے انتظار کر رہی تھی جو کہ ہال کھلنے پر انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ داخل ہوئے تقریباً ایک گھنٹہ کے بعد ہال میں موجود تمام نشستیں مکمل ہو گئیں جس کے بعد مزید افراد کی آمد کے پیش نظر قالین بچھائے گئے۔ہال میں خواتین اور مردوں کے لیے الگ الگ نشستیں لگائی گئیں۔ کسی بھی نا خواشگور واقعہ سے بچنے کے لیے ہال کی انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ سیکورٹی اہلکاروں کے ساتھ ساتھ ہال کے اندر حاضرین کی رہنمائی کے لیے منہاج القرآن اوسپتالیت کے سیکریٹری جنرل شبیر حسین گوہر کی زیر نگرانی مختلف جگہوں پر منہاج القرآن اوسپتالیت کی انتظامیہ کے افراد بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ La Farga کے چاروں اطراف میں پولیس کی موبائلز بھی بڑی تعداد میں موجود تھیں۔محفل میں عمرہ ٹکٹ کی قرعہ اندازی کے لیے ہال کے داخلی دروازے کے قریب عمرہ کوپن کے حصول کے لیے خصوصی ڈیسک لگایا گیا جس پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے ناظم مالیات محمد نواز قادری کی سربراہی میں منہاج القرآن بارسلونا اور منہاج القرآن اوسپتالیت کے رضاء کاران نے اپنی ڈیوٹی سر انجام دی۔ محفل کی کوریج کے لیے منہاج یوتھ لیگ سپین کے نوجوانوں کی ٹیم اور مقامی پاکستانی صحافی حضرات بڑی تعداد میں موجود تھے۔ منہاج یوتھ لیگ سپین کے سیکریٹری جنرل خرم شبیر قادری کی ٹیم نے پوری محفل کو Minhaj TVکے ذریعے دنیا بھر میں برا ہ راست دکھایا۔ اس کے علاوہ منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سیکریٹری جنرل نوید احمد اندلسی محفل کی کارروائی Social Mediaپر بھی Updateکر تے رہے۔

شام 6:45پر محفل کے پہلے حصہ کا آغاز صحیفہ ہدایت کی آیاتِ بینات سے کیا گیا جس کی سعادت منہاج القرآن اوسپتالیت کے امام و خطیب حافظ محمد عابد نقشبندی نے حاصل کی جس کے بعد منہاج یوتھ لیگ سپین کے حافظ محمد عاطف نے نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیش کی۔ محفل کے پہلے حصہ میں نقابت کے فرائض محمد اقبال چوہدری (صدر منہاج مصالحتی کونسل سپین) اور حافظ محمد عابد نقشبندی نے مشترکہ طور پر سرنجام دیئے۔ اس موقع پر منہاج نعت کونسل سپین کے نوجوانوں نے اپنے استاد معروف نعت خواں قدیر احمد خان کے ہمراہ اپنے منفرد انداز میں دف کے ساتھ نعت رسولِ مقبول ﷺ بھی پیش کی۔ 7:45پر نماز عصر باجماعت اداء کی گئی جس کے بعد محفل کے دوسرے حصہ کا آغاز ہوا جو کہ حافظ محمد عابد نقشبندی نے تلاوت قرآن کریم سے کیا اور مقامی ثناء خوانان نے بارگاہِ رسالت میں عقیدت کے پھول نچھاور کیے، ان خوش قسمتوں میں مرزا محمد اصغر بیگ، محسن صدیقی، شہباز چیمہ اور دیگر شامل ہیں اس موقع پر La Fargaکا وسیع و عریض ہال تکبیر و رسالت کے نعروں سے مسلسل گونجتا رہا۔

محفل میں پاکستانی مسلمانوں کے ساتھ ساتھ مقامی ہسپانوی مہمانوں نے بھی شرکت کی جو کہ منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری اور سوشلسٹ پارٹی کاتالونیا کی مجلس شوریٰ (نیشنل کونسل) کے ممبر حافظ عبدالرزاق صادق کی خصوصی دعوت پر تشریف لائے۔ ہسپانوی مہمانوں میں سوشلسٹ پارٹی کے Jose Maria Sala اورErnesto Carrion،اور مقامی سیاسی و سماجی رہنماء Manuelکے علاوہ کاتالان پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ کے 2ذمہ داران اور بلدیہ اوسپتالیت کی نمائندہ Carmen بھی شامل تھیں۔ ہال کے داخلی دروازے پر منہاج القرآن اوسپتالیت کے عہدیداران نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا اور انھیں پھول پیش کیے جبکہ محمد اقبال چوہدری نے مقامی مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ اداء کیا اور ان کو اظہارِ خیال کی دعوت دی۔ سپانش مہمانوں نے سٹیج پر اپنی گفتگو میں منہاج القرآن اوسپتالیت کو اتنی شاندار محفل کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اگرچہ اس محفل کا زیادہ حصہ اردو زبان پر مشتمل ہے تاہم انہیں اس محفل میں شرکت کر کے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی۔ خصوصی دعوت پر پاکستانی قونصلیٹ جنرل برائے بارسلونا کے ویلفیئر اتاشی محمد اسلم غور ی نے بھی محفل میں شرکت کی۔

پاکستان سے آنے والے مہمان نعت خوانان کی آمد پر حاضرین محفل نے تکبیر و رسالت کے فلک شگاف نعروں سے، کھڑے ہو کر اُن کا شاندار استقبال کیا، اوسپتالیت کی کاروباری شخصیت یاسر علی، منہاج القرآن سپین کے سرپرست محمد نواز کیانی، صدر منہاج القرآن اوسپتالیت حاجی زاہد اختر زاہدی اور ان کے ساتھیوں نے مہمانوں کو گلدستے پیش کیے جس کے بعد نماز مغرب باجماعت اداء کی گئی، حاضرین کی بڑی تعداد کے باعث نماز مغرب کی جماعت 2مرتبہ کرائی گئی۔ نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد9:45پر محفل کے تیسرے اور سب سے اہم حصہ کا آغاز ہوا جس میں استقبالیہ کلمات کہنے کے لیے منہاج القرآن اوسپتالیت کے صدر حاجی زاہد اختر زاہدی کو دعوت دی گئی جنہوں نے محفل کے انعقاد کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور منہاج القرآن اوسپتالیت کے مرکز کے قیام اور تعمیراتی کام کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور محفل کے انعقا دکے لیے تمام تعاون کرنے والوں کا خصوصی شکریہ بھی اداء کیا، اس کے بعد حافظ محمد عابد نقشبندی نے نقابت کے فرائض صاحبزادہ تسلیم احمد صابری کے سپرد کر دیے۔

صاحبزادہ تسلیم احمد صابری نے اپنی ابتدائی گفتگو میں بتایا کہ وہ پہلی دفعہ سپین میں آئے ہیں اور خواتین و حضرات کی اتنی بڑی تعداددیکھ کر وہ خوش گوار حیرت محسوس کر رہے ہیں اور انھیں یقین نہیں ہو رہا کہ سپین میں پہلی دفعہ ایسی محفل منعقد کی گئی ہے، انہوں نے بارسلونا کے مسلمانوں اور منہاج القرآن اوسپتالیت کو عظیم الشان محفل نعت کے انعقاد پر خصوصی مبارک باد پیش کی۔ اس کے بعد صاحبزادہ تسلیم احمد صابری، الحاج محمد یوسف میمن، شہباز قمر فریدی اور قاری شاہد محمود قادری نے اپنے منفرد انداز میں بارگاہِ رسالت مآب میں گلہائے عقیدت پیش کیے جس کے دوران La Farga میں موجود ہزاروں عاشقانِ مصطفی ﷺ کا جذبہ دیدنی تھی، ہال میں مسلسل تکبیر و رسالت کے فلک شگاف نعروں سے گونجتا رہا اور حاضرین پر کیف انداز میں جھومتے رہے۔

ہال کی قانونی گنجائش مکمل ہونے کے بعد انتظامیہ نے ہال کے دروازے بند کر دیے جبکہ دوسری طرف مصطفوی شمع کے پروانوں کی آمد کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری تھا جس کے باعث ہال کے باہر سینکڑوں افراد جمع ہو نا شروع ہو گئے۔ اوسپتالیت کی ممتاز سماجی شخصیت ظفر علی شاہ اور منہاج القرآن اوسپتالیت کے نائب صدر محمد آصف نے ہال کی انتظامیہ کے ساتھ طویل مذاکرات کیے جس کے بعد مزید افراد کو ہال میں داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی۔ ہال کی انتظامیہ کی طرف سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق حاضرین کی تعداد 2500 سے زائد تھی۔ محفل کے اختتامی حصہ میں قرعہ اندازی کے ذریعے 6خوش نصیبوں کو عمرہ ٹکٹ دینے کا اعلان کیا گیا، حیرت انگیز طور پر قرعہ اندازی میں 2بچوں، 2خواتین اور2 مردوں کا نام نکلا۔ اس موقع پر منہاج مصالحتی کونسل سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے سید ظفر علی شاہ، یاسر علی اور امتیاز آکیہ کے خصوصی تعاون پر اُن کا شکریہ اداء کیا۔ اوسپتالیت میں منہاج اسلامک سنٹر کے قیام اور انتہائی مختصر مدت میں تعمیراتی کام کی تکمیل پر منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی طرف سے حاجی زاہد اختر زاہدی کو خصوصی شیلڈ بدست صاحبزادہ تسلیم احمد صابری پیش کی گئی جبکہ محفل نعت میں خصوصی تعاون اور مہمان نعت خوانوں کو مدعو کرنے پر اوسپتالیت کی ممتاز کاروباری شخصیت یاسر علی کو منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے سرپرست محمد نواز کیانی نے خصوصی شیلڈ پیش کی۔ محفل کا اختتام صاحبزادہ تسلیم احمد صابری کی خصوصی دعا سے ہوا جس کے بعد عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سرشار شرکاء کا جم غفیر انتہائی منظم انداز میں اپنے گھروں کی طرف رخصت ہو گیا۔

تبصرہ

Top