سپین: منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے نو منتخب عہدیداران کی تربیتی ورکشاپ

مورخہ: 02 مارچ 2014ء

2 مارچ 2014ء بروز اتوار منہاج یورپین کونسل کی زیر نگرانی منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین (بارسلونا) کے عہدیداران کے لئے منہاج اسلامک سنٹر بارسلونا میں ایک اہم تربیتی ورکشاپ منعقد کی گئی جس میں ایک روز قبل منتخب ہونے والے تمام عہدیداران نے شرکت کی۔

تربیتی ورکشاپ میں منہاج یورپین کونسل کے صدر چوہدری محمد اعجاز وڑائچ اور سیکرٹری جنرل محمد بلال اپل نے نو منتخب ذمہ داران کو مختلف تنظیمی امور میں مسائل کے حل، بامقصد میٹنگز کا طریقہ کار، اوصافِ قیادت اور دیگر تحریکی معاملات میں راہنمائی فراہم کی۔اس موقع پر تربیت کے لئے مختلف عنوانات و موضوعات پر فرضی و علامتی میٹنگز کے ذریعے عام طور پر ہونے والی غلطیوں کی نشاندہی کی گئی۔

اس تربیتی ورکشا پ میں منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین (بارسلونا) اور ذیلی فورمزمنہاج یوتھ لیگ سپین، منہاج ویمن لیگ سپین اور منہاج مصالحتی کونسل سپین کے عہدیداران نے سال 2014/2015 کے لئے اپنے اہداف کا تعین بھی کیا جن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی کتب کا ہسپانوی زبان میں ترجمہ، مقامی ماحول میں مسلمان نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بچانے اور دین کے قریب لانے کے لئے حکمت عملی ترتیب دینا، غیر مسلموں میں اسلام کے بارے پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کرتے ہوئے دین اسلام کا حقیقی پیغام ہر ایک تک پہنچانا، تحریکی وابستگان کو کارکنان بنانا، ممبران کی تعداد میں اضافہ کرنا، سپین میں رہنے والے پاکستانیوں کے لئے بیداری شعور کی مہم اور پاکستان میں حقیقی تبدیلی کے حصول کے لئے بیرون ملک بسنے والے پاکستانیوں کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرنا شامل ہے۔

رپورٹ: محمد وقاص راجہ

تبصرہ

Top