سپین: چوہدری طارق مہدی کی منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کی نو منتخب تنظیم کو مبارکباد

مورخہ: 10 مارچ 2014ء

مورخہ 08 مارچ 2014 بروز ہفتہ ایسوسی ایشن اینٹی کرائسس (سپین) کے صدر چوہدری طارق مہدی نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے نائب صدر نوید احمد اندلسی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔

چودھری محمد طارق مہدی نے منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے نو منتخب عہدیداران مرزا محمد اکرم بیگ، ظل حسن قادری، بلال یوسف، محمد عتیق قادری اور دیگر کو مبارکباد دی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کی دینی، تدریسی، سماجی اور فلاحی خدمات کسی سے پو شیدہ نہیں ہیں، یہ تنظیم انتہائی مشکل حالات میں بھی دین کی ترویج کا کام بڑے احسن طریقے سے سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جس سے دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں میں اسلام کے بارے میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کوکم کرنے میں بہت زیادہ مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن سپین اور خصوصی طور پر منہاج مصالحتی کونسل کے صدر محمد اقبال چوہدری نے ہمیشہ مقامی حکومتی اداروں میں پاکستانیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کے مختلف مسائل حل کروانے میں قابلِ ستا ئش کردار ادا کیاہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ منہاج القرآن سپین کی نئی تنظیم بھی بہت زیادہ محنت، جذبے اور انتہائی لگن کے ساتھ مقامی پاکستانی کمیونٹی کی فلاح، دین اسلام کی نمائندگی اور ڈاکٹر طاہر القادری کے پیغام امن کے فروغ کے لئے کام کرے گی۔

اس موقع پر نوید احمد اندلسی نے ان کو منہاج ایجوکیشن سٹی کے پراجیکٹ کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا، جس پر چوہدری طارق مہدی نے اس عظیم منصوبہ کو پسند کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبہ کی تکمیل کے بعد ہزاروں طلباء و طالبات کو دینی علوم کے ساتھ ساتھ مختلف تحقیقی و سائنسی شعبہ جات میں بھی تعلیم حاصل کرنے کا موقعہ ملے گا اور یہ منصوبہ نا صرف پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام کے لئے افتخار کا باعث بنے گا۔

رپورٹ: راجہ محمد وقاص

تبصرہ

Top