سپین: پاکستان عوامی تحریک کی رابطہ مہم کا آغاز، اوسپتالیت میں تنظیم سازی کا اعلان

مورخہ: 29 مارچ 2015ء

پاکستان عوامی تحریک کے پہلے باقاعدہ اجلاس میں فری ممبر شپ سمیت مختلف امور پر فیصلے اور تجاویز

بارسلونا (یوسف چوہدری) تقریب حلف برداری اور یوم پاکستان کے کامیاب پروگرام سے آغاز کرنیوالی سپین میں منفرد اعزاز کی حامل سیاسی پارٹی کا پاکستان عوامی تحریک کی طرف سے گذشتہ اتوار کو پہلا باقاعدہ اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت عوامی تحریک سپین کے صدر محمد اقبال چوہدری نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے کیا گیا۔

سیکرٹری جنرل عوامی تحریک سپین راحیل اکرم ایڈووکیٹ نے تمام اراکین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پارٹی کے قواعد و ضوابط اور اجلاس کے ایجنڈے سے آگاہ کیا جس کے بعد محمد اقبال چوہدری نے اپنی مختصراستقبالیہ گفتگو میں تمام اراکین کا گرم جوشی سے شکریہ ادا کیا اور 14 مارچ کو یوم پاکستان کے سلسلہ منعقد ہونے والے کامیاب پروگرام اور تقریب حلف برادری پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اپنے آغاز کی طرح اپنے سفر میں بھی محنت، لگن اور خلوص کو شامل رکھا تو وہ دن دور نہیں جب عوامی تحریک سپین کی سب سے بڑی، منظم اور مضبوط پاکستانی سیاسی جماعت ہوگی۔ تین گھنٹے جاری رہنے والے اس اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کے بنیادی نظریے ’’عوام کی خدمت‘‘ کے تحت مختلف تجاویز پر مشاورت اور گفت و شنید کے بعد مختلف تنظیمی معاملات پر فیصلہ سازی کی گئی جن میں فوری طور پر ممبر شپ کا آغاز اور بارسلونا کے علاوہ دیگر شہروں میں تنظیمات کا قیام شامل ہیں، جس کے تحت سب سے پہلے اوسپتالیت میں تنظیم سازی کیلئے 12 اپریل 2015 بروز اتوار کا دن مقرر کیا گیاہے، وقت اور جگہ کا اعلان آئندہ چند روز میں کر دیا جائیگا۔

اوسپتالیت میں پاکستان عوامی تحریک سپین میں شمولیت اور عوامی تحریک میں اپنی رضاکارانہ خدمات انجام دینے کے اہل افراد سے رابطہ سہولت کیلئے صدر محمد اقبال چوہدری (669090031)، چیف آرگنائزر چوہدری امتیاز احمد آکیہ (632255140) اور ڈپٹی چیف آرگنائزر حاجی طاہر جاوید (632339383) پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، یہ کمیٹی اوسپیتالیت میں ممبر شپ کا آغاز کرئے گی اور لوگوں کو پاکستان عوامی تحریک میں شمولیت کی دعوت دے گی۔

صدر پاکستان عوامی تحریک سپین محمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کی عوام حکمرانوں کے جھوٹے وعدوں اور انتخابی ڈارموں سے عاجز آچکی ہیں وہ اب اپنے مسائل کے حل کے لئے آئندہ انتخابات میں ان نام نہاد سیاستدانوں کے فریب میں نہیں آئے گی۔ مصیبتوں اور مشکلات کی ماری عوام میں اب بیداری کی لہر ابھرچکی ہے، 18 کروڑ سے زیادہ افراد کا ملک سنگین مسائل اور طرح طرح کے بحرانوں کا شکار ہے مگر حکمرانوں اور سیاستدانوں کو صرف اپنے مفاد عزیز ہیں۔

اجلاس میں PAT فرانس کے سیکرٹری میڈیا راؤ خلیل کے والد گرامی اور PAT کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عمر ریاض عباسی کی والدہ مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی گئی۔ اجلاس میں پاکستان عوامی تحریک کے صدر محمد اقبال چوہدری سمیت نائب صدر چوہدری طارق مہدی گجر، سیکریٹری جنرل راحیل اکرم ایڈووکیٹ، چیف آرگنائزر چوہدری امتیاز آکیہ، ڈپٹی چیف آرگنائزر حاجی طاہر جاوید، سیکرٹری اطلاعات چوہدری محمد یوسف، جوائنٹ سیکرٹری عمران آفتاب، سیکرٹری کوآرڈینیشن محمد افضال گوندل، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حسن طاہر بیگہ، سیکرٹری فنانس چوہدری محمد زمان اور سیکرٹری ممبر شپ قدیر حسین چوہدری نے شرکت کی۔

رپورٹ: محمد یوسف چوہدری، نوید احمد اندلسی

تبصرہ

Top