سپین: پاکستان عوامی تحریک کی پریس کانفرنس

سپین میں مقیم ہم وطنوں کے مسائل کے حل کے لیے صف اول کا کردار ادا کریں گے، محمد اقبال چوہدری

بارسلونا: پاکستان عوامی تحریک سپین کی طرف سے اپنے قیام کے بعد باقاعدہ پہلی پریس کانفرنس کا اہتمام ذیشان ریسٹورنٹ بارسلونا پر کیا گیا جس میں پارٹی عہدیداران کے علاوہ مقامی اردو میڈیا سے منسلک صحافیوں نے شرکت کی۔ سیکرٹری جنرل عوامی تحریک سپین راحیل اکرم ایڈووکیٹ نے تنظیمی عہدیداران کا پریس کے ساتھ تعارف کروایا اور پریس کانفرنس میں شرکت پر صحافیوں کو خوش آمدید کہا۔ صدر پاکستان عوامی تحریک سپین محمد اقبال چوہدری نے پریس کانفرنس کے ایجنڈے، پاکستان عوامی تحریک کی ملکی سرگرمیوں اور سپین میں پاکستان عوامی تحریک کے قیام پر صحافیوں کو بریفنگ دی جس کے بعد صحافیوں کیطرف سے مختلف سوالات اٹھائے گئے۔

سپین میں پاکستان عوامی تحریک کے قیام بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر پاکستان عوامی تحریک سپین محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ مملکت خداداد پاکستان میں رائج فرسودہ اور غریب دشمن نظام کے خاتمہ کے لیے پاکستان عوامی تحریک کا قیام 1989 میں عمل میں لایا گیا اور پاکستان میں تنظیمی نیٹ ورک کو یونین کونسل کے لیول تک پہنچایا گیا اور جس پیمانے پر اب پاکستان عوامی تحریک کو فعال کیا گیا اس سے پہلے ممکن نہیں ہو سکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تارکین وطن کا ہمیشہ سے پاکستان کی ترقی میں اہم کردار رہا ہے، ملک میں 25 ہزار ملین ڈالر کا زرمبادلہ پاکستان بھیجا جا رہا ہے جبکہ بیرون ممالک میں رہنے والے پاکستانی بھائیوں نے ہمیشہ اپنے ہم وطنوں کی مشکلات کا جس طرح تدارک کیا ہے وہ کوئی اور نہیں کر سکتا، ترقی یافتہ ممالک بالخصوص یورپ میں مقیم پاکستانی اپنے وطن میں رائج ظالمانہ نظام کے خاتمہ کے خواہاں ہیں۔

محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ اسی لیے ہم بارسلونا سمیت بادالونا، اوسپتالیت، لوگرونیو، ثاراگوثا، والینسیا، آلی کانتے اور میڈرڈ سمیت دیگر شہروں میں بھی تنظیم کا قیام عمل میں لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اوسپیتالیت میں 12 اپریل کو تنظیم سازی کی جائے گی جس میں پریس سمیت ہم تمام پاکستانی بھائیوں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے ساتھ شامل ہو کر پاکستان کی مظلوم عوام کو لٹیروں کے چنگل سے آزاد کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

سپین میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مختلف قسم کے مسائل پرایک سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ سپین میں عوام الناس کو یکساں حقوق حاصل ہیں مگر ہمارے پاکستانی بھائیوں کے پاس معلومات نہیں ہیں جس کیلئے ہم سپین میں تنظیم سازی کے ساتھ ساتھ اپنے ہم وطنوں تک ان کے حقوق کی تمام تر معلومات کی رسائی کیلئے اپنی کوششیں بروئے کار لائیں گے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے صف اول کا کردار ادا کرتے ہوئے ان کی پوری راہنمائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں سب سے اہم اس ملک کی زبان ہوتی ہے جو کہ تارکین وطن کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے جس پر پچھلے چار سالوں سے خواتین کو تعلیم دی جارہی ہے اور بغیر کسی فیس اور معاوضے کے اردو زبان میں سپین کی لینگوئج سکھانے کی 19 کلاسیں مکمل ہو چکی ہیں اور 20 ویں کلاس جاری ہے۔

بیرون ملک میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کی اولین ترجیح میں یہ بھی شامل ہے کہ پوری دنیا میں مقیم پاکستانی بھائیوں کو نہ صرف ووٹ دینے کا حق حاصل ہو بلکہ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی دی جائے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا تھا جس کے دوران بھی ذرائع ابلاغ کی اہمیت و افادیت پر گفتگو جاری رہی۔ پریس کانفرنس میں شرکت کرنیوالوں میں پاکستان ریڈیو کے ڈائریکٹر راجہ شفیق کیانی، جنگ جیو کے شفقت علی رضا، رضوان کاظمی، ڈیلی دوست کے ڈاکٹر قمر فارق، ہم وطن سپین کے ارشد نذیر ساحل، سماء ٹی وی کے ظفر الیاس قریشی، پی یو پی کے معراج لکی، کشمیر ویو کے حق نواز چوہدری، ڈیلی انصاف کے ممتاز منیر سہوترا، ڈیلی میزبان کے چوہدری شاہد لطیف گجر سمیت پاکستان عوامی تحریک کے نائب صدر طارق مہدی، سیکریٹری کوآرڈینیشن محمد افضال گوندل، نوید احمد اندلسی، محمد عثمان ظفر اور دیگر شامل تھے۔

تبصرہ

Top